اسلام آباد: قومی احتساب بیورو( نیب) نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی ضمانت منسوخی کے لئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کر دی ہے۔
چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کی ضمانت منظور کرنے کا لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے، نیب کی جانب سے مریم نواز کی ضمانت کے خلاف دائر درخواست میں موقف اپنایا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے سپریم کورٹ کے احکامات کے برخلاف فیصلہ دیا۔
قومی احتساب بیورو کی درخواست میں کہا گیا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے ضمانت کے کیس میں شواہد پر آبزرویشنز دیں جس کے باعث ٹرائل متاثر ہونے کا خدشہ ہے،لہٰذاعدالت لاہور ہائی کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دے۔
نیب درخواست میں کہا گیا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز 2008 میں چوہدری شوگر مل کی 47 فیصد حصص کے ساتھ سب سے بڑی شراکت دار ہیں، لاہور ہائی کورٹ کا مریم نواز کو ضمانت پر رہا کرنے کے فیصلے سے کئی قانونی سوالات پیدا ہو گئے ہیں۔
خیال رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے 31 اکتوبر 2019 کو چوہدری شوگر مل منی لانڈرنگ کیس میں مریم نواز کی درخواست ضمانت منظور کی تھی، عدالت نے مریم نواز کے خاتون ہونے کی استدعا پر ضمانت منظور کرنے سے اتفاق کیا جب کہ مریم نواز کو ایک ایک کروڑ روپے کے 2 ضمانتی مچلکے اور پاسپورٹ جمع جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
Comments are closed.