سندھ میں گورننس خراب ہی نہیں ناکام ہے،کرپشن کےثبوت ملنے پریہ سب پریشان ہیں،وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ سندھ میں طرز حکمرانی خراب ہی نہیں ناکام ہے اور اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے ثبوت ملنے پر یہ سب پریشان ہیں۔ کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ اس کی وجہ سے ملک ترقی و خوشحالی سے محروم رہا۔

صوبہ سندھ کی سیاسی صورتحال پر وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اہم اجلاس اسلام آباد میں ہوا، وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والی بیٹھک میں پی ٹی آئی کے وفد نے گورنرسندھ عمران اسماعیل کی سربراہی میں شرکت کی، جب کہ متحدہ قومی موومنٹ سے کشور زہرہ، کنور نوید جمیل، فیصل سبزواری، خواجہ اظہار الحسن، محمد حسین خان، حمیدالظفر، اور محمد راشد خلجی اجلاس میں شریک ہوئے۔

گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، غوث بخش مہر، ارباب غلام رحیم، مرتضیٰ جتوئی، ایاز پلیجو، صفدرعباسی، ذوالفقار مرزا اور علی گوہر مہر شامل تھے، اس کے علاوہ آئی جی سندھ اور چیف سیکرٹری بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے شرکا نے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف شکایات کے انبار لگا دیئے، اور قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔ شرکا نے وزیراعظم کو سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے روڈ میپ پر عملدرآمد کے ضمن میں درپیش مشکلات سے آگاہ کیا، ان کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت دیہی و شہری علاقوں کو نظرانداز کررہی ہے۔

اجلاس میں شریک اتحادی جماعتوں کے رہنمائوں نے پیپلزپارٹی کے اہم رہنماؤں کے خلاف کرپشن کے شواہد بھی ملے ہیں، صوبائی حکومت کی زیادتیاں ایک طرف سندھ میں وفاقی ادارے بھی تعاون نہیں کرتے، مرادعلی شاہ کے ہوتے ہوئے وفاقی حکومت کا کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوسکے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعلی مراد علی شاہ کے خلاف شکایات سردارعلی گوہر مہر، ڈاکٹر ذوالفقارمرزا، خرم شیرزمان، حلیم عادل اور دیگر نے کیں۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے سندھ میں گورننس اور سیاسی حالات کی بہتری کے لیے کردار ادا کرنے کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں گورننس خراب ہی نہیں ناکام ہے، اربوں روپے کی کرپشن کے بڑے ثبوت ملنے پر ہی یہ سب پریشان ہیں، کرپشن کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی کیونکہ اس کی وجہ سے ملک ترقی و خوشحالی سے محروم رہا۔

وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی وفاقی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے، وفاقی حکومت اس سلسلے میں ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی،تحریک انصاف کی حکومت کابنیادی ایجنڈا کرپشن کا خاتمہ ہے،میں کرپشن کیخلاف جہاد کرنے آیا ہوں، کسی سے کوئی ڈیل ہوگی نہ ڈھیل دی جائے گی، ملک بھر میں احتساب کا عمل بلا تفریق و امتیاز اور بلا تعطل جاری رہے گا۔

Comments are closed.