چارلی ہیبڈو نے ترک صدر طیب اردوان کا خاکہ چھاپ دیا،ترکی کا قانونی و سفارتی اقدامات کا اعلان

مانیٹرنگ ڈیسک

غیر ملکی خبررساں ادارے ‘رائٹرز’ کے مطابق فرانس کے ہفتہ وار چارلی ہیبڈو میگزین کی جانب سے ترک صدر کا توہین آمیز کارٹون شائع کیے جانے کے بعد ترکی کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔

ترک صدارتی ترجمان ابراہیم کلن نے ٹوئٹر پر کہا کہ ہم فرانسیسی میگزین میں اپنے صدر سے متعلق اشاعت کی شدید مذمت کرتے ہیں جس میں کسی بھی عقیدہ، تقدس اور قدروں کا کوئی احترام نہیں ہےانہوں نے کہا کہ وہ صرف اپنی بے حیائی دکھا رہے ہیں، ذاتی حقوق پر حملہ مزاح اور آزادی اظہار کے زمرے میں نہیں آتا۔

فرانس میں گستاخانہ خاکوں کی اشاعت سے متعلق فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے حمایت پر مبنی بیان کے بعد ترک صدر نے انہیں سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے فرانسیسی صدر کو اپنا دماغی معائنہ کرانے کی تجویز دی تھی۔جس کے جواب میں فرانس نے ترکی میں موجود اپنے سفیر کو مذکورہ بیان کے بعد مشاورت کے لیے واپس بلالیا تھا۔

Comments are closed.