اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے صوبوں اور وفاق کے مابین رابطے بہترکرنے کی ہدایت کردی۔ وزیراعظم کا کہنا ہے کہ عوام الناس کو بتایا جائے کہ ترقی اور اسپیڈ کے دعوے کرنے والے کس طرح کا پاکستان اور کیسے حالات چھوڑ کر گئے ہیں۔
اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا۔ جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان، گورنر شاہ فرمان اور صوبائی وزراء شریک ہوئے۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ صوبوں کے مابین بہتر رابطے کا مقصد عوام الناس کو درپیش مسائل کا حل اور منظم حکمت عملی اور پالیسیوں کی تشکیل ہے، پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں اب تک عوام الناس اور ملک کی بہتری کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے مشکل ترین وقت میں حکومت سنبھالی، ادراک ہے کہ روپے کی قدر میں کمی کے باعث عوام مشکلات کا شکار ہیں۔ حکومت معاشی حالات کی بہتری کے لئے مسلسل کوششیں کررہی ہے۔
اجلاس میں وزیر منصوبہ بندی خسرو بختیار نے مستقبل کی ترجیحات پر شرکا کو بریفنگ دی اور بتایا کہ صوبوں میں علاقائی ترقیاتی تفریق کم کرنے کے لئے خصوصی فنڈ کا قیام زیر غور ہے، وفاق اور صوبائی حکومتیں مل کر پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لئے اقدامات کریں گی۔ وزیر منصوبہ بندی نے بتایا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک اور عالمی بینک کے تعاون سے ملک کے 50 شہروں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ سیاحت کے فروغ کو کے لئے حکمتِ عملی بنائی جارہی ہے۔
وزیراعظم کے وژن کے مطابق نالج اکانومی کو فروغ دیا جارہا ہے۔ پنجاب میں سات انڈسٹریل زونز کے قیام کی سفارشات سرمایہ کاری بورڈ کو بھجوائی جاچکی ہیں۔ سرمایہ کاری بورڈ کو تیس روز میں خصوصی اقتصادی زونز کے لئے فریم ورک مرتب کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ پنجاب کے 8 لاکھ افراد کو صحت انصاف کارڈز دینے کا عمل 20 فروری سے شروع کیا جائے گا، پہلے مرحلے میں راجن پور ، ڈی جی خان، مظفر گڑھ اور ملتان کے عوام کو صحت انصاف کارڈز فراہم کئے جائیں گے، 2019ء کے آخر تک پنجاب کے 36 اضلاع کے عوام کو صحت انصاف کارڈز کی فراہمی کا عمل مکمل کر لیا جائے گا۔
Comments are closed.