صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے گئے ۔آج آخری روزصدرمملکت کیلئے آصف علی زرداری اورمحمود خان اچکزئی سمیت کُل پانچ امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
فاروق ایچ نائیک اور سلیم مانڈوی والا نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کی عدالت میں آصف علی زرداری کے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔ فاروق ایچ نائیک نے کہاکہ بلاول بھٹو زرداری آصف علی زرداری کے تجویز کنندہ اور میں تائید کنندہ ہوں ۔آصف علی زرداری پیپلزپارٹی ،نون لیگ، ایم کیو ایم پاکستان ، استحکام پاکستان اور بلوچستان عوامی پارٹی کے اتحادی امیدوار ہیں۔سنی اتحاد کونسل کی جانب سے صدر مملکت کے عہدے کے لیے محمود خان اچکزئی کے کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں صدارتی الیکشن کیلئے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو پریذائیڈنگ افسر مقرر کیا گیا ہے۔ اصغر علی مبارک ایڈووکیٹ ،عبدالقدوس اعوان اور وحید احمد کمال نے بھی صدر مملکت کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کروائے۔
شیڈول کے مطابق ملک کی چاروں ہائیکورٹس میں صدارتی امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کرواسکتے ہیں۔ 4 مارچ کوصدارتی امیدواروں کےکاغذات نامزدگی کی اسکروٹنی ہوگی جبکہ 5 مارچ دن 12 بجے تک امیدوارکاغذات نامزدگی واپس لےسکتےہیں۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 5 مارچ دن 1 بجے آویزاں کی جائے گی جبکہ صدارتی انتخاب سے ریٹائرمنٹ 6مارچ کو ہوگی۔ ملک کے چودہویں صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 9مارچ صبح 10بجےسےشام 4بجےتک چاروں صوبائی اسمبلیوں اور قومی اسمبلی ہال میں ہوگی ۔صدر کا انتخاب خفیہ رائے شماری کے ذریعے کیاجاتاہے اور اس کے لیے الیکٹورل کالج سینیٹ، قومی اسمبلی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے ارکان پر مشتمل ہوتاہے ۔
Comments are closed.