دفتر خارجہ نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ممکنہ دورۂ پاکستان کی خبروں پر لاعلمی ظاہر کر دی

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان کے مجوزہ دورے سے متعلق خبروں پر لاعلمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے خبر رساں ادارے رائٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اس حوالے سے کسی بھی قسم کی باضابطہ معلومات موصول نہیں ہوئیں۔

اس سے قبل ذرائع ابلاغ میں یہ خبریں گردش کر رہی تھیں کہ امریکی صدر ٹرمپ 18 ستمبر کو اسلام آباد پہنچیں گے، جہاں ان کی پاکستان کی سیاسی اور عسکری قیادت سے ملاقاتیں متوقع ہیں۔ اگر یہ دورہ حقیقت بن جاتا ہے تو یہ گزشتہ دو دہائیوں میں کسی امریکی صدر کا پہلا سرکاری دورۂ پاکستان ہوگا۔

ادھر برطانوی خبر رساں ایجنسی نے رپورٹ کیا ہے کہ امریکی صدر 17 سے 19 ستمبر تک برطانیہ کا دورہ کریں گے۔ اس حوالے سے برطانوی شاہی محل نے بھی تصدیق کی ہے کہ صدر ٹرمپ بادشاہ چارلس کی خصوصی دعوت پر برطانیہ آئیں گے۔

ابھی تک امریکی یا پاکستانی حکومت کی جانب سے صدر ٹرمپ کے دورۂ پاکستان کی باضابطہ تصدیق نہیں کی گئی، جس کے باعث اس خبر کی حیثیت قیاس آرائیوں تک محدود ہے۔

Comments are closed.