راولپنڈی میں سیلابی صورتحال، وزیراعظم شہباز شریف کا ہنگامی اجلاس ، فوری رپورٹ طلب

اسلام آباد/راولپنڈی: راولپنڈی اور اسلام آباد میں طوفانی بارشوں کے بعد نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہونے اور شہری علاقوں کے زیرآب آنے کی اطلاعات پر وزیراعظم شہباز شریف نے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق جڑواں شہروں میں گزشتہ رات سے جاری موسلا دھار بارش کے باعث اب تک 230 ملی میٹر سے زائد بارش ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے نتیجے میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے کئی نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ہیں۔ نالہ لئی کی صورتحال سنگین ہو چکی ہے، جہاں کٹاریاں اور گوالمنڈی کے مقامات پر پانی کی سطح خطرے کی حد کو چھو چکی ہے۔

وزیراعظم کی ہدایت پر فوری اقدامات، رپورٹ طلب

ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چیف کمشنر راولپنڈی اور ایم ڈی واسا سے بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال پر فوری رپورٹ طلب کر لی ہے۔ ہنگامی اجلاس میں بارشوں سے ہونے والے نقصانات، متاثرہ علاقوں میں موجود خطرات، ریسکیو سرگرمیوں اور مستقبل کے حفاظتی اقدامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

شہریوں کو احتیاط برتنے کی ہدایت

حکام کی جانب سے نالہ لئی کے اطراف کی آبادی کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی جا چکی ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں، واسا اور سول ڈیفنس کے اہلکار ہائی الرٹ پر ہیں۔ شہریوں کو غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔

بارش کے باعث نظام زندگی متاثر

شدید بارشوں کے باعث جڑواں شہروں میں ٹریفک کا نظام متاثر ہوا ہے، جبکہ کئی علاقوں میں پانی جمع ہونے سے مقامی لوگوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے۔ نالہ لئی اور دریائے سواں میں پانی کی بلند سطح سے پل اور نشیبی سڑکیں زیرِ آب آ چکی ہیں۔

Comments are closed.