اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک میں سول سروس کی جامع اور مؤثر حکمت عملی کے تحت تجدید نو حکومت کی اولین ترجیح ہے تاکہ بیوروکریسی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جا سکے۔
یہ بات انہوں نے سول سروس ریفارمز پر منعقدہ جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔
سول سروس کو فعال بنانے پر زور
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ سول سروس حکومت کی پالیسیوں کے مؤثر نفاذ اور عوامی خدمت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے اور عوامی فلاح کے اہداف حاصل کرنے کے لیے فعال، شفاف اور ذمہ دار سول سروس ناگزیر ہے۔
افسران اور نمائندگان کی رائے شامل کرنے کی ہدایت
وزیراعظم نے ہدایت کی کہ سول سروس ریفارمز میں صرف افسران نہیں بلکہ منتخب عوامی نمائندگان کی آراء کو بھی شامل کیا جائے تاکہ پالیسیاں زمینی حقائق کے مطابق بنائی جا سکیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریفارمز کا مقصد کسی قسم کی سزا نہیں بلکہ کارکردگی، شفافیت اور عوامی مفاد کو ترجیح دینا ہے۔
جدید تقاضوں سے ہم آہنگ نظام
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل گورننس، ای سروسز، اور شفافیت جیسے پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے سول سروس کے ڈھانچے میں جامع اصلاحات کی جائیں گی۔
Comments are closed.