سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ کی نیویارک میں انویسٹمنٹ بینکرز، آئی ٹی پروفیشنلز اور بزنس لیڈرز سے ملاقات

امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے نیویارک میں مقیم انویسٹمنٹ بینکرز، آئی ٹی پروفیشنلز اور بزنس لیڈرز کے ساتھ ملاقات کی۔

یہ ملاقات پاکستان کے قونصلیٹ جنرل نیویارک میں ہوئی ۔

قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی اور تجارت اور سرمایہ کاری کے قونصلر عدنان محمود اعوان بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے ملک میں کاروبار موافق ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے حکومت پاکستان کے عزم کو اجاگر کیا۔ اس ضمن میں انہوں نے سرمایہ کاری کے فروغ میں خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے اہم کردار کو خصوصی طور پر اجاگر کیا۔

انہوں نے پاکستان کی لبرل سرمایہ کاری کی پالیسیوں، جنوبی اور وسطی ایشیا کے لیے گیٹ وے کے طور پر ملک کی اسٹریٹجک جغرافیائی پوزیشن،
اور یورپی یونین کے ساتھ جی ایس پی پلس اور چین سے فری ٹریڈ ایگریمنٹ کے کاروباری برادری کے لئے فوائد پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے نیو یارک کے کاروباری اداروں پر زور دیا کہ وہ خطے میں اپنے کاروبار پھیلانے کے لئے پاکستان کو ایک تذویراتی بنیاد کے طور پر دیکھیں۔

بات چیت کے دوران شرکاء نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور اپنے کاروباری معاملات میں درپیش چیلنجوں پر بات کی ۔ سفیر پاکستان نے انہیں پاکستان میں متعلقہ شراکت داروں اور اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ رابطوں کو آسان بنانے کی پیشکش کرتے ہوئے سفارت خانے اور قونصلیٹ کی طرف سے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔

قبل ازیں، تجارت اور سرمایہ کاری قونصلر نے شرکاء کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے پر کشش مواقع کے بارے میں بتایا جس میں آئی ٹی، زراعت، کان کنی اور سیاحت سمیت اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا ہے۔

انہوں نے غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے حکومت پاکستان کی جانب سے پیش کردہ متعدد مراعات کو اجاگر کیا۔

ملاقات پاکستان اور امریکہ کے درمیان اقتصادی تعلقات اور تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے اس طرح کے رابطوں کو ایک باقاعدہ سرگرمی بنانے کے باہمی عزم کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔

Comments are closed.