امریکہ میں پاکستانی سفیر کا اردو ادب کی ترویج پر زور، پاکستانی کمیونٹی کو تعاون کی پیشکش

امریکہ میں پاکستانی سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ اردو ادب ہمارا قومی اثاثہ ہے اور آنے والی نسلوں کو اردو زبان، ادب اور ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا قومی فریضہ ہے۔ اس مقصد کے تحت سفیر پاکستان نے امریکہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو پیشکش کی کہ وہ اردو زبان اور ثقافتی ورثے کی ترویج کے لیے تقریبات کے انعقاد میں سفارت خانے کے وسائل بروئے کار لا سکتے ہیں۔

بزم حرف و سخن کے زیراہتمام غالب کی شاعری پر تقریب

سفیر پاکستان نے یہ گفتگو ریاست ورجینیا کے علاقے ووڈ بریج میں مسلم ریسپانس یو ایس اے کی ذیلی تنظیم بزم حرف و سخن کے زیر اہتمام برصغیر کے عظیم شاعر اسد اللہ خان غالب کی شاعری سے متعلق ایک ادبی تقریب میں مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کی۔

اردو ادب سے وابستہ ممتاز شخصیات کی شرکت

تقریب میں اردو ادب سے وابستہ ممتاز شخصیات، پاکستانی کمیونٹی کے رہنما، میڈیا نمائندگان اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک تھے۔ صدرِ محفل ڈاکٹر عبداللہ، خالد حمید، نغمہ صبوحی، فیض رحمان، راحیلہ فردوس، بابر سرور، رشید انصاری اور علی شعیب حسن نے غالب کی شاعری کے آفاقی اور جمالیاتی پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ تقریب کی میزبانی کے فرائض ڈاکٹر عارف محمود نے انجام دیے۔

غالب کی شاعری، اردو زبان اور ثقافت کی اہمیت پر روشنی

سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے اپنے خطاب میں غالب کی شاعری کی فکری وسعت، آفاقیت اور اس کی لازوال اہمیت کو اجاگر کیا۔ انہوں نے کہا کہ غالب جیسے شعرا کے کلام کو آئندہ نسلوں تک منتقل کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔

زبان و ثقافت کی ترویج کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال ضروری

انہوں نے جدید دور میں ٹیکنالوجی کی اہمیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زبان اور ثقافتی ورثے کے تحفظ و ترویج کے لیے ٹیکنالوجی کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ “اردو ہماری پہچان ہے اور اس کی ترقی سے پاکستانیت کو تقویت ملے گی۔”

امریکہ میں پاکستانی ثقافت کے فروغ پر زور

سفیر پاکستان نے کہا کہ عالمی برادری کو پاکستانی ثقافتی ورثے سے روشناس کرانا عوامی سفارت کاری کا ایک اہم پہلو ہے اور اس حوالے سے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ حالیہ دنوں میں سفارت خانے میں اسلامی خطاطی کی نمائش کا اہتمام کیا گیا، جسے مزید فروغ دیا جائے گا۔

پاکستان ایمبیسی فورم کے ذریعے تاریخی لمحات کو محفوظ کرنے کا اقدام

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان ایمبیسی فورم کے پلیٹ فارم سے کشمیر اور دیگر اہم موضوعات پر ہونے والی تقریبات کو مکمل طور پر قلم بند کرنے اور انہیں تاریخ کا حصہ بنانے کا باضابطہ آغاز کر دیا گیا ہے تاکہ ان اہم مواقع کی دستاویز بندی ممکن ہو سکے۔

اردو زبان کی ترویج میں کمیونٹی کے کردار کی اپیل

سفیر پاکستان نے پاکستانی کمیونٹی سے اپیل کی کہ وہ اردو زبان کی ترقی و ترویج میں بھرپور کردار ادا کریں تاکہ امریکہ میں بھی پاکستانی ثقافتی ورثے کو متعارف کرایا جا سکے۔

تقریب کے منتظمین کو مبارکباد، نمایاں شخصیات کو اعزازات

آخر میں سفیر پاکستان نے تقریب کے کامیاب انعقاد پر ڈاکٹر عارف محمود اور بزم حرف و سخن کے دیگر عہدیداروں کو مبارکباد دی اور مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے بھی نوازا۔

Comments are closed.