محبت میں دھوکا ملا، اداکارہ ہونے کی وجہ سے شادی نہیں ہوسکی: قدسیہ علی

پاکستانی شوبز انڈسٹری کی ابھرتی ہوئی اداکارہ قدسیہ علی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک شخص سے محبت کرتی تھیں لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ وہ شخص ان سے صرف اس لیے شادی نہیں کر سکتا کہ وہ ایک اداکارہ ہیں۔ انہوں نے یہ بات ایک ٹی وی پروگرام میں بطور مہمان گفتگو کے دوران بتائی، جہاں انہوں نے محبت، آزادی اور معاشرتی رویوں پر بے جھجھک اظہارِ خیال کیا۔

خود مختاری کی قیمت

قدسیہ علی نے کہا کہ خود مختار اور آزاد خواتین کو آج بھی شدید تنقید کا سامنا رہتا ہے۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ “2025 ختم ہونے والا ہے، مگر خواتین کے بارے میں معاشرتی سوچ نہیں بدلی۔ آج بھی سمجھا جاتا ہے کہ خود مختار عورتیں کسی کے قابو میں نہیں آتیں، اسی لیے ان سے فاصلہ رکھا جاتا ہے۔”

ان کا کہنا تھا کہ لوگوں کے ذہن میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ آزاد خواتین سمجھوتا نہیں کرتیں، اور یہی سوچ اکثر ان کے لیے رشتوں میں مشکلات کا باعث بنتی ہے۔

محبت اور شادی

اداکارہ نے بتایا کہ حال ہی میں ان کے ساتھ ایک “حادثہ” ہوا۔ وہ ایک شخص کے ساتھ رشتے میں تھیں، مگر بعد میں انہیں علم ہوا کہ وہ شخص صرف اس لیے شادی نہیں کر سکتا کیونکہ وہ ایک اداکارہ ہیں۔
قدسیہ کے مطابق انہیں شادی کے لیے اداکاری چھوڑنے کا کہا گیا، جو وہ کسی صورت قبول نہیں کرسکتیں تھیں، اسی لیے انہوں نے رشتہ ختم کر دیا۔

 منفی سوچ

قدسیہ علی نے کہا کہ معاشرے میں آج بھی اداکاراؤں کے بارے میں بہت منفی رائے پائی جاتی ہے۔
“سامنے لوگ تعریفیں کرتے ہیں، لیکن پیٹھ پیچھے تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔ بعض اوقات تو اداکارائیں خود سوچنے لگتی ہیں کہ شاید وہ غلط کام کر رہی ہیں۔”

انہوں نے کہا کہ مرد اکثر اس خوف سے اداکاراؤں سے شادی سے کتراتے ہیں کہ لوگ کیا کہیں گے، حالانکہ اداکاری ایک باعزت پیشہ ہے۔

Comments are closed.