نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لیگویجز میں ترک یومِ جمہوریہ کی 101ویں سالگرہ کی شاندار تقریب

نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز کے شعبہ ترکی زبان نے آج ترکی کے یومِ جمہوریہ کی 101ویں سالگرہ کے موقع پر ایک تقریب کا اہتمام کیا، جس میں ترکی کی شاندار تاریخ اور پاکستان کے ساتھ اس کے دیرینہ تعلقات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

تقریب کے مہمان خصوصی ترکی سفارتخانے کے ایجوکیشن کونسلر ڈاکٹر محمت تویران تھے۔ تقریب میں مختلف شعبہ جات کے سربراہان اور یونیورسٹی کے اساتذہ نے بھی شرکت کی-

اپنے خطاب میں ڈاکٹر محمت تویران نے ترکی کی فخر انگیز تاریخ اور عظیم رہنما مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت کا ذکر کیا، جنہوں نے ملک کی آزادی کی جدوجہد کی قیادت کی اور جمہوریہ ترکی کی بنیاد رکھی۔

انہوں نے پاکستان اور ترکی کے درمیان منفرد اور دیرینہ دوستانہ تعلقات پر بات کی، جو مشترکہ اقدار، ورثے اور ثقافت پر مبنی ہے۔ انہوں نے ترکی کی آزادی کے لیے قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے تعاون پر دلی تشکر کا اظہار کیا اور کہا کہ دونوں ممالک ہر شعبے میں ایک دوسرے کی حمایت جاری رکھیں گے۔

ڈیپاراٹمنٹ برائے ترکی زبان کی سربراہ، نور یاسمین رحوجو، اور شعبہ آذربائیجان ڈیپارٹمنٹ کی سربراہ نے بھی ترکی کے یومِ جمہوریہ کی اہمیت اور دونوں برادر ممالک کے مابین مضبوط تعلقات پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔

انہوں نے اس ایونٹ کو پاکستان اور ترکی کے درمیان گہری دوستی اور باہمی احترام کا اظہار قرار دیا۔

تقریب کا سب سے اہم پہلو ترکی زبان کے طلبا کی جانب سے شاعری اور ایک ڈرامائی پیشکش تھی جس میں ترکی کی فتح کے لیے دی گئی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ ان کی بے مثال پرفارمنس نے سامعین کو متاثر کیا اور خوب داد وصول کی۔

تقریب کے اختتام پر کیک بھی کاٹا گیا جو پاکستان اور ترکی کے عوام کے درمیان یکجہتی اور مشترکہ جذبے کی علامت تھی۔

یہ جشن ان دونوں برادر ممالک کے مابین قائم دیرینہ تعلقات کو خراج تحسین پیش کرنے کا ایک یادگار لمحہ تھا۔

Comments are closed.