سعودی عرب:تھری ڈی پرنٹنگ سے پیچیدہ سرجری کامیاب، عالمی سطح پر بڑی پیش رفت

کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہاسپٹل اینڈ ریسرچ سینٹر میں تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کی مدد سے ایک نہایت پیچیدہ آرتھوپیڈک سرجری کامیابی سے انجام دی گئی، جس میں ران سے کولہے کے جوڑ تک پھیلی ہوئی ہڈی کی رسولی کو اعضاء کو محفوظ رکھتے ہوئے نکال لیا گیا۔ اس جدید طریقہ علاج کے باعث مریض سرجری کے فوراً بعد ہی چلنے پھرنے کے قابل ہو گیا۔

جدید ٹیکنالوجی کا استعمال

سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سرجیکل ٹیم نے ہائی ریزولوشن امیجنگ کے ذریعے کسٹم گائیڈز تیار کیے، جنہوں نے جراحی کی درستگی کو بہتر بنانے اور ہڈی کے ضیاع میں نمایاں کمی لانے میں مدد دی۔ رسولی نکالنے کے بعد کولہے کی ہڈی میں ایک جدید مصنوعی جوڑ نصب کیا گیا، جس سے نقل و حرکت تیزی اور محفوظ انداز میں بحال ہوئی۔

علاقائی سطح پر منفرد کارکردگی

ہسپتال کو تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی میں اس کامیابی اور سرجیکل جدت کے اعتراف میں ٹیکنالوجی پروجیکٹ مینجمنٹ کا گلوبل ایکسیلنس ایوارڈ بھی مل چکا ہے۔
کنگ فیصل اسپیشلسٹ ہاسپٹل پیچیدہ آرتھوپیڈک آنکولوجی میں علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر نمایاں مقام رکھتا ہے، جہاں تھری ڈی پرنٹنگ، ریڈیولوجی، آرتھوپیڈک آنکولوجی، میڈیکل آنکولوجی اور بحالی صحت کی کثیر الشعبہ ٹیمیں موجود ہیں۔

نیا دور، نئے امکانات

تھری ڈی پرنٹنگ ٹیکنالوجی کے استعمال نے ہڈیوں کی رسولیوں کے علاج میں نئے دروازے کھول دیے ہیں، جس سے نہ صرف سرجری کے دورانیے میں کمی آتی ہے بلکہ مریضوں کی صحت یابی بھی پہلے سے کہیں زیادہ تیزی سے ہوتی ہے۔

Comments are closed.