پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد میں پارلیمانی رپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان (پی آر اے پی)کے نو منتخب عہدیداران کی حلف برداری کی پروقار تقریب منگل کے روز پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نومنتخب باڈی سے حلف لیا اور انہیں ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر، رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفور حیدری اور رکن قومی اسمبلی شرمیلا فاروقی نے خصوصی شرکت کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سیکرٹری نوید اکبر نے انجام دیے۔
اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے خطاب میں کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز پارلیمنٹ کی آنکھ اور کان ہیں اور ان کی ذمہ دارانہ رپورٹنگ جمہوریت کے استحکام میں بنیادی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ صحافیوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کرتا رہے گا۔
ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے پی آر اے کی چاروں صوبوں کی نمائندہ باڈی کو قومی یکجہتی کی علامت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پریس گیلری اور کوریج سہولیات میں بہتری کے لیے پارلیمنٹ سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے پارلیمانی رپورٹرز کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کے مسائل کا حل وزارت اطلاعات کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے صحافیوں کی بے روزگاری، روزگار کے مواقع اور پیشہ ورانہ مسائل کے حل کے لیے مکمل تعاون اور مشترکہ تجاویز پر عملی پیش رفت کی یقین دہانی کرائی۔

صدر پی آر اے پی ایم بی بی سومرو نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ پارلیمانی رپورٹرز مشکل حالات میں عوام تک ایوان کی کارروائی کی درست تصویر پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے پریس گیلری کو ایوان اور مشترکہ اجلاسوں کے دوران کبھی بند نہ کرنے پر زور دیا اور پی آر اے ممبران کی فلاح و بہبود کے لیے فنڈز اور سہولیات کی فراہمی کے مطالبات پیش کیے۔
سیکرٹری پی آر اے نوید اکبر نے کہا کہ نئی منتخب باڈی چاروں صوبوں سے تعلق رکھنے والے صحافیوں پر مشتمل ہے، جو قومی یکجہتی اور صحافتی ہم آہنگی کی علامت ہے۔ انہوں نے پی آر اے ممبران کی فلاح کے لیے سالانہ بجٹ میں باقاعدہ فنڈ مختص کرنے کی درخواست دہراتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں صحافیوں کو ادارہ جاتی معاونت ملنی چاہیے۔
تقریب کے دوران صدر ایم بی بی سومرو کی جانب سے مہمانانِ گرامی، سینئر صحافیوں اور پی آر اے کی نومنتخب باڈی کے اراکین کو سندھ کی ثقافت کی پہچان “اجرک” کے روایتی تحائف بھی پیش کیے گئے، جو ثقافتی ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی علامت قرار دیے گئے۔
تقریب میں پارلیمانی رپورٹرز، قومی اسمبلی و سینیٹ کے افسران اور مختلف میڈیا ہاؤسز کے نمائندگان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
تقریب کے اختتام پر پی آر اے پاکستان نے قومی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کی بھرپور معاونت پر خصوصی شکریہ ادا کیا، اور ڈائریکٹوریٹ جنرل میڈیا قومی اسمبلی اور ڈی جی میڈیا جناب ظفر سلطان کا شکریہ ادا کیا جن کی کوششوں سے اس تقریب کا کامیاب انعقاد ممکن ہوا۔
Comments are closed.