بارسلونا میں کرسمس لائٹس روشن،افتتاحی تقریب میں ہزاروں لوگوں کی شرکت

بارسلونا میں کرسمس سیزن کا باضابطہ آغاز ہو گیا ہے۔ ہفتے کی شام پاسیو دی گراسیا پر ایک شاندار تقریب میں شہر کی کرسمس لائٹس روشن کی گئیں، جس میں ہزاروں شہری اور سیاح شریک ہوئے۔ سب سے اہم لمحہ وہ تھا جب بارسلونا کے میئر جاؤمہ کولبونی اور بیت اللحم کے میئر ماہر کانواتی نے مل کر شہر کی روشنیاں آن کیں۔

تقریب شام 6 بجے شروع ہوئی، جس میں 14 میٹر اونچا کرسمس ٹری، سب کی توجہ کامرکز تھا۔ ایکروبیٹس نے روشنیوں کے آغاز سے پہلے دلچسپ پرفارمنس پیش کی۔ جیسے ہی کاؤنٹ ڈاؤن صفر پر پہنچا، آتش بازی ہوئی اور لائٹس نے پورے علاقے کو روشن کر دیا۔

پلاسا کاتالونیا کے قریب اس تقریب میں لوگوں کی بڑی تعداد کے باعث تقریب کے اختتام پر معمولی بدنظمی بھی دیکھی گئی۔ اس سال پاسیودی گراسیا کے ساتھ ساتھ پلاسا کاتالونیا، بیالائتانا آرگو، گران بیا بولیوارد اور پاسیودے سانت خوان سمیت مختلف سڑکوں پر بھی خصوصی روشنیوں سے سجائے گئے ہیں۔

بارسلونا سٹی کونسل کے مطابق یہ روشنیاں 22 نومبر سے 6 جنوری تک روزانہ شام 5:30 بجے سے رات 1 بجے تک جلیں گی، جبکہ جمعہ، ہفتہ اور خاص تہواروں کی راتوں کو یہ ایک گھنٹہ اضافی یعنی رات 2 بجے تک روشن رہیں گی۔

اس سال شہر میں مجموعی طور پر 126 کلومیٹر تک کرسمس لائٹس لگائی گئی ہیں، جو گزشتہ سال سے 16 کلومیٹر زیادہ ہے۔ اس منصوبے پر تقریباً 40 لاکھ یورو خرچ کیے گئے، جو 2024 کے مقابلے میں 15 فیصد زیادہ ہیں۔

بارسلونا کی سڑکیں کرسمس سیزن کی رونقوں سے جگمگا اٹھیں،شہریوں کی بڑی تعداد نے اس منفرد تقریب کو خوب سراہا۔

Comments are closed.