ایچ ای سی انٹرورسٹی والی بال چیمپئن شپ زون-ای 2024-25 : نمل یونیورسٹی نےآل پاکستان چیمپئن شپ کیلئے کوالیفائی کر لیا
ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) انٹرورسٹی والی بال چیمپئن شپ زون-ای 2024-25 آج نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کے جمنازیم میں اختتام پذیر ہوئی، جس میں نمل نے سنسنی خیز فائنل میچ میں کیپیٹل یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کو شکست دے کر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ نمل نے فیصلہ کن انداز میں 0-3 سے فتح حاصل کی اور 20 نومبر 2024 کو پاکستان اسپورٹس کمپلیکس میں منعقد ہونے والی آل پاکستان انٹرورسٹی والی بال چیمپئن شپ میں اپنی جگہ بنا لی۔
زون-ای ٹورنامنٹ میں سات ٹیموں نے حصہ لیا، جن میں نمل، ایریڈ ایگریکلچر یونیورسٹی، کامسیٹس، ہائی ٹیک یونیورسٹی، کاسٹ، ایئر یونیورسٹی، اور یونیورسٹی آف کوٹلی، آزاد کشمیر شامل تھیں۔ 13 سے 15 نومبر تک جاری رہنے والے اس تین روزہ ایونٹ میں شائقین نے نمل جمنازیم میں زبردست والی بال ایکشن دیکھا اور اپنی پسندیدہ ٹیموں کی بھرپور حوصلہ افزائی کی۔
فائنل میچ میں مہمان خصوصی ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن برگیڈیئر (ریٹائرڈ) مظہر مسعود تھے، جنہوں نے تمام شریک ٹیموں کے کھیل اور جذبے کو سراہا اور کھیلوں کے کردار سازی، قوت برداشت، اور اتحاد کے فروغ میں کردار کو اجاگر کیا۔ برگیڈیئر مظہر نے فاتح نمل ٹیم کو چیمپئن شپ جبکہ کاسٹ یونیورسٹی کو رنرآپ کی ٹرافی پیش کیں۔
ایچ ای سی انٹرورسٹی والی بال چیمپئن شپ کی میزبانی نمل کی کھیلوں کو فروغ دینے کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ یونیورسٹی تمام ٹیموں کو ان کی شرکت پر مبارکباد پیش کرتی ہے اور آل پاکستان چیمپئن شپ میں نمل کی زون-ای کی نمائندگی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کرتی ہے۔
Comments are closed.