بارسلونا میں سرگودھا چیمبر آف کامرس کے وفد کے اعزاز میں تقریب، تجارتی روابط بڑھانے پر زور

بارسلونا۔پاکستان قونصل خانہ بارسلونا میں ایک خصوصی استقبالیہ تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں سرگودھا چیمبر آف کامرس کے معزز وفد کو خوش آمدید کہا گیا۔ اس تقریب کا مقصد اسپین میں موجود پاکستانی بزنس کمیونٹی کے ساتھ روابط کو فروغ دینا اور دوطرفہ تجارتی تعلقات کو مضبوط بنانا تھا۔

تقریب کے مہمانِ خصوصی سفیر پاکستان ڈاکٹر ظہور احمد تھے، جنہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اقتصادی کردار اور سرمایہ کاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی نہ صرف زرمبادلہ کا اہم ذریعہ ہیں بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت تشخص کے سفیر بھی ہیں۔

قونصل جنرل بارسلونا مراد علی وزیر نے وفد کا تفصیلی تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ سرگودھا چیمبر آف کامرس کے دورے سے پاکستان اور اسپین کے درمیان کاروباری مواقع میں نئے امکانات پیدا ہوں گے۔ انہوں نے پاکستانی مصنوعات، خدمات اور ہنرمندی کو یورپی مارکیٹ تک لے جانے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب میں سرگودھا کے ممتاز تاجر، صنعتکار اور کاروباری نمائندے شریک تھے۔ بین الاقوامی نوجوان بزنس مین چوہدری امانت حسین مہر، جو پاکستانی کمیونٹی میں ایک متحرک کردار رکھتے ہیں، نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوشش ہے کہ چیمبر آف کامرس بارسلونا کے ساتھ مل کر پاکستان سے بارسلونا کے لیے براہِ راست فلائٹ کا آغاز ممکن بنایا جائے، اور اس حوالے سے مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔

تقریب میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات، کمیونٹی رہنما، اور مقامی کاروباری افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے اس تقریب کو پاکستان اور اسپین کے درمیان باہمی تجارتی اور اقتصادی تعلقات کے فروغ کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔

آخر میں قونصل خانہ پاکستان کی جانب سے سرگودھا چیمبر آف کامرس کے وفد کے ارکان کو اعزازی شیلڈز اور روایتی سندھی اجرک کے تحائف پیش کیے گئے، جو پاکستانی ثقافت کی نمائندگی کا ایک خوبصورت اظہار تھا۔

یہ تقریب نہ صرف پاکستان اور اسپین کے تجارتی رشتوں کو وسعت دینے کا ایک ذریعہ بنی بلکہ بیرون ملک پاکستانی کمیونٹی میں اتحاد، تعاون اور ترقی کی نئی راہیں بھی کھولنے میں مددگار ثابت ہوئی۔

Comments are closed.