کاتالونیا کی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کی فلاح کے لیے قونصل جنرل بارسلونا کی اعلیٰ حکام سے اہم ملاقات
قونصل جنرل پاکستان بارسلونا مراد علی وزیر اور کمیونٹی ویلفیئر اتاشی سالک محمود نے کاتالونیا کے ادارے CEJFE کے اعلیٰ حکام سے ملاقات کی، جس میں کاتالونیا کی مختلف جیلوں میں قید پاکستانی قیدیوں کی فلاح و بہبود، نگرانی اور بحالی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ہسپانوی حکام کی جانب سے ڈائریکٹر مارک سیروں آئی ریئرا، پروگرام آفیسر ایوا فرنانڈیز، چیف آف ری ہیبیلیٹیشن جورڈی کیمپس اور ڈپٹی ڈائریکٹر جیما ٹورس نے شرکت کی۔
قونصل خانے نے پاکستانی قیدیوں کے مکمل اور تازہ ترین ریکارڈ کی ماہانہ بنیادوں پر فراہمی کی درخواست کی، تاکہ قیدیوں کی حالت، قانونی حیثیت اور جیل دوروں کی بہتر نگرانی ممکن ہو سکے۔ قونصل خانے کی درخواست پر فوری طور پر ایک فوکل پرسن مقرر کیا گیا، جس کی تفصیلات قونصل خانے کو فراہم کر دی گئیں، تاکہ رابطہ مؤثر اور بروقت رہے۔
جیل دوروں کے دوران قیدیوں کی جانب سے ٹیلیفون کالز کے زیادہ چارجز کی شکایات بھی حکام کے نوٹس میں لائی گئیں، جس پر انہوں نے مسئلے کا جائزہ لے کر اصلاح کی یقین دہانی کرائی۔ علاوہ ازیں، قونصل خانے کی درخواست پر حکام نے کہا کہ جہاں ممکن ہوا پاکستانی قیدیوں کو ان کے اہل خانہ کے قریب جیلوں میں منتقل کیا جائے گا تاکہ ملاقات میں آسانی رہے۔
ہسپانوی حکام نے بتایا کہ جیلوں میں قیدیوں کی بحالی کے پروگرام جرم کی نوعیت کے مطابق چلائے جاتے ہیں، جن میں منشیات کے عادی قیدیوں کے لیے خصوصی علاج اور نفسیاتی معاونت بھی شامل ہے۔ قونصل خانے نے پاکستانی قیدیوں کے لیے ہسپانوی زبان کی تعلیم اور فنی تربیت کے مزید مواقع فراہم کرنے کی درخواست کی، جس پر حکام نے مثبت غور کرنے کا وعدہ کیا۔
ملاقات خوشگوار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی اور دونوں فریقوں نے پاکستانی قیدیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مضبوط باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ قونصل خانہ بارسلونا نے یقین دلایا کہ وہ پاکستانی قیدیوں کے حقوق اور بہبود کے تحفظ کے لیے اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کرتا رہے گا۔
Comments are closed.