بھارتی فوج کے ہاتھوں شہید 11 کشمیری نوجوان سپرد خاک

سری نگر: غاصب بھارتی فوج کے ہاتھوں 11 بے گناہ نوجوانوں کی شہادت کیخلاف مقبوضہ وادی میں مکمل ہڑتال ہوئی اور شہدا کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ کشمیر کے ضلع پلوامہ میں ہزاروں افراد کرفیو اور دیگر پابندیوں کو توڑتے ہوئے گھروں سے نکل آئے اور11 نوجوانوں کی نمازجنازہ میں شرکت کی جنہیں بھارتی فوج نے گزشتہ روز فائرنگ کرکے شہید کردیا تھا۔

اس موقع پر پلوامہ میں بھارتی فوج کی بھاری نفری تعینات تھی اور صورتحال انتہائی کشیدہ رہی تاہم دلیر کشمیری عوام بھارتی جبر و استبداد اور پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آس پاس کے گاؤں دیہات سے ہزاروں کی تعداد میں شہدا کے آخری دیدار کے لیے امڈ آئے۔

سوگواروں میں خواتین اور بچے بھی شامل تھے اور جب 11 شہدا کے جنازے اٹھے تو ہر آنکھ اشک بار تھی۔ شہید نوجوانوں کو آہوں اور سسکیوں میں سپرد خاک کیا گیا جبکہ اس موقع پر کشمیریوں نے ایک جذبے کے ساتھ جدوجہد آزادی جاری رکھنے کا عزم کیا۔

جنازے میں شریک کشمیریوں نے بھارتی دہشت گردی کے خلاف احتجاج کیا اور عالمی برادری و اقوام متحدہ سے اس قتل عام پر خاموشی و بے حسی ختم کرنے کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین نے بھارت کے خلاف اور آزادی کے حق میں نعرے لگائے۔

قابض افواج کے ہاتھوں نہتے نوجوانوں کی شہادت کے خلاف مشترکہ مزاحمتی تحریک میں شامل حریت قیادت کی اپیل پر مقبوضہ کشمیر بھر میں ہڑتال رہی اور کاروبار زندگی معطل رہا۔بھارتی ظلم و جارحیت کے خلاف سری نگر سمیت مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے پھوٹ پڑے اور مشتعل نوجوانوں نے قابض فوج پر شدید پتھراؤ کیا۔

قابض فوج نے جواب میں نہتے نوجوانوں پر گولیاں چلائیں، پیلٹ گنز سے فائرنگ اور آنسو گیس کی شیلنگ کی۔کٹھ پتلی انتظامیہ نے احتجاج اور مظاہرے روکنے کے لیے وادی میں ٹرین، انٹرنیٹ اور موبائل فون سروس بھی معطل کردی۔

Comments are closed.