آزادی کے لیےکشمیری عوام 13جولائی 1931کے شہداء کے نقش قدم پر گامزن ہیں،سیدصلاح الدین

کشمیری عوام 13جولائی 1931کے شہداء کے نقش قدم پر چل کر قابض فوجیوں کے ہر ظلم کو صبر کیساتھ سہہ کر اور نہتے ہونے کے باوجود اپنی جانوں سے بے پرواہ ہوکر یہ پیغام دے رہے ہیں کہ آزادی کیلئے ہر قربانی قبول ہے۔ان خیالات کا اظہار حزب سربراہ اور متحدہ جہاد کونسل کے چیئرمین سید صلاح الدین احمد نے جہاد کونسل کے ایک اعلیٰ خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ 13جولائی 1931کے شہداء نے اپنا فرض اور قرض نبھاکر اس وقت کی سامراجی قوتوں کے ظلم و جبر کو نہ صرف پوری دنیا کے سامنے بے نقاب کیا بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ کشمیری عوام کو آپ کبھی بھی ذہنی طور پر غلام نہیں بناسکتے۔سید صلاح الدین احمد نے کہا کہ موجودہ قابض بھارتی حکمران وہی ہتھکنڈے اور ظلم وجبر کے طریقے آج بھی اہل کشمیر پر آزمارہے ہیں جو ڈوگرہ حکمران بیعہ نامہ امرتسر سے 1947تک آزماچکے ہیں۔پوری ریاست میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں،معصوم بچے،عفت مآب خواتین اور بزرگ بھی اس ظلم و جبر کی بھینٹ چڑھائے جارہے ہیں۔متحدہ جہاد کونسل کے سربراہ نے بھارتی جیلوں میں قید حریت رہنماوں اور دیگر محبوسین کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کا کوئی پرسان حال نہیں۔ان میں سے اکثر جن میں سیدہ آسیہ اندرابی اور دیگر خواتین رہنما شامل ہیں کئی عوارض میں مبتلا ہیں لیکن انہیں تمام بنیادی سہولیات کے علاوہ علاج و معالجہ سے بھی محروم رکھا جارہاہے۔ان کی زندگیوں کو جان بوجھ کر خطرے میں ڈالا جارہا ہے،انسانی حقوق کی مقامی اور عالمی تنظیموں کواس جانب متوجہ ہونے کی ضرورت ہے ۔حزب سربراہ نے پاکستانی قیادت سے بھی اپیل کی کہ وہ ایک فریق کی حیثیت سے مقبوضہ جموں وکشمیر کی موجودہ اور اصل صورتحال دنیا کے سامنے لانے کیلئے اپنے سفارتی اور سیاسی محاذ کو متحرک کریں۔

سید صلاح الدین احمد نے بھارتی حکمرانوں سے کہا کہ وہ نوشتہ دیوار پڑھ لے اور اس حقیقت کو تسلیم کرے کہ مسئلہ کشمیر کا حل کشمیری عوام کی رائے کا احترام کرنے میں موجود ہے اور اس حقیقت کو اقوام متحدہ کیساتھ ساتھ بھارتی معمار جواہر لعل نہرو نہ صرف تسلیم کرچکے ہیں بلکہ اس کا وعدہ بھی کرچکے ہیں۔ زمینی اور تاریخی حقائق کے بجائے بھارتی آئین کے اندر بات چیت اور مسئلہ کشمیر کا حل ڈھونڈنا عملاََ احمقوں کی جنت میں رہنے کے مترادف ہے۔ اجلاس کے آخر میں 6 جولائی 2024 کو شہدائے کلگام کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا گیا۔واضح رہے 6 جولائی 2024 کے معرکہ کلگام میں حزب المجاھدین کے 6 جانباز شہادت سے سرفراز ہوئے ۔اس معرکے میں 04 بھارتی فوجی ہلاک اور 10 شدید زخمی ہوئے ۔اجلاس میں شہدائے کلگام کی بلندی درجات اور لواحقین کیلئے صبر وجمیل کی دعا بھی کرنے کے علاوہ اس یقین کا اظہار کیا گیا کہ ان کا مقدس لہو ضرور رنگ لائیگا۔

Comments are closed.