کشمیریوں کی غیرمتزلزل اخلاقی،سفارتی اورسیاسی حمایت جاری رکھیں گے، صدر، وزیراعظم

اسلام آباد: مقبوضہ جموں وکشمیر میں ناجائزبھارتی تسلط کےخلاف آج یوم سیاہ منایا جارہا ہے،صدرعارف علوی، وزیراعظم عمران خان،وفاقی وزرا فواد چودھری، علی امین گنڈا پورسمیت حکومتی عہدیداروں و سیاسی شخصیات نےکشمیریوں کی اخلاقی، سفارتی اورسیاسی حمایت جاری رکھنے کےعزم کا اعادہ جب کہ عالمی برادری سے بھارتی مظالم کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔

صدرمملکت ڈاکٹرعارف علوی نے مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اوراس عزم کااعادہ کیا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرکےعوام کے منصفانہ نصب العین کے لئے غیرمتزلزل اورمستقل اخلاقی، سفارتی اورسیاسی حمایت جاری رہے گی۔انہوں نےکہا کہ یہ حمایت حق خودارادیت کے آئینی اور قانونی حق کے استعمال تک جاری رہے گی۔صدر نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل اپنی متعدد قراردادوں میں یہ تسلیم کرچکی ہے کہ کشمیریوں کو شفاف اورغیرجانبدارانہ استصواب رائے کے ذریعے اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دیاجائے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہاہے کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کے حق خودارادیت کے منصفانہ نصب العین کے حصول تک اپنی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹے گا۔ اپنے پیغام میں وزیراعظم نےکہاکہ یہ دن جنوبی ایشیا کی تاریخ کاافسوسناک دن ہے۔وزیراعظم نے اقوام متحدہ کےانسانی حقوق کے ہائی کمشنر کی رپورٹ کی ان سفارشات پرفوری عمل درآمدپربھی زوردیاکہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فورسز کی جانب سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی چھان بین کے لئے ایک تحقیقاتی کمیشن تشکیل دیاجائے۔

وفاقی وزیر برائے امورکشمیراورگلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کہاہے کہ پاکستان بھارتی فوج کے ہاتھوں بے گناہ کشمیریوں پربیہمانہ تشدد کی سخت مذمت کرتا ہے اور ہر فورم پر کشمیریوں کی آواز اٹھاتا رہے گا۔کشمیر کے یوم سیاہ کے حوالے سے ریڈیو پاکستان کو ریکارڈ کرائے گئے اپنے پیغام میں انہوں نے کہاکہ ہم نہتے کشمیریوں کو سلام پیش کرتے ہیں جو انتہائی جرات کے ساتھ اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد میں انتہائی پرعزم ہیں۔

 وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ کشمیر کی کہانی بہت دردناک ہے، آزادی کا سورج بہت جلد طلوع ہوگا، کشمیریوں کی منزل قریب ہے، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ بھارتی قبضے پر عالمی برادری کی جانب سے مسلسل خاموشی اختیار نہیں کی جا سکتی، پاکستانی عوام کا کشمیر اور اس کی عوام سے جذباتی، روحانی اور تاریخی تعلق ہے،پیپلز پارٹی کشمیریوں کے لیئے آواز اٹھانے کی خاطر ہر فورم پر صفِ اول میں کھڑی ہوگی۔

Comments are closed.