بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ سے امریکہ کے اعلیٰ سطحی وفد کی ملاقات

امریکہ کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے سربراہ محمد یونس خان سے ملاقات کی ہے اور معاشی ترقی کے لیے مشترکہ کوششوں کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

ڈھاکہ میں امریکی سفارت خانے کے جاری کردہ بیان کے مطابق اتوار کو بنگلہ دیش کے لیے امریکہ کے سفیر برینٹ نیمن کی سربراہی میں اس وفد نے محمد یونس سے ملاقات کی ہے۔

امریکی وفد سے ملاقات کے بعد جاری ہونے والے سرکاری بیان کے مطابق محمد یونس نے ملک کی تعمیرِ نو، اہم اصلاحات اور ’چوری شدہ اثاثوں کی واپسی کے لیے‘ امریکہ سے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا ہے۔

امریکی وفد میں بنگلہ دیش کے لیے سفیر برینٹ نیمن، امریکی محکمۂ خزانہ کے اسسٹنٹ سیکریٹری فور انٹرنیشنل فنانس، یو ایس ایجنسی فور انٹرنیشنل ڈیولپمنٹ اور یو ایس ٹریڈ کے حکام شامل تھے۔

امریکہ کے محکمۂ خارجہ میں جنوبی و وسطی ایشیا کے لیے اسسٹنٹ سیکریٹری ڈونلڈ لو بھی بھارت کے دورے کے بعد محمد یونس سے ملاقات کرنے والے امریکی وفد میں شامل ہوئے۔

اعلیٰ سطح کے امریکی وفد نے ڈھاکہ میں بنگلہ دیش کی وزارتِ خارجہ کے مشیر توحید حسین سے بھی ملاقات کی۔ اس موقعے پر یو ایس اے آئی ڈی نے بنگلہ دیش کو 20 کروڑ ڈالر سے زائد امداد فراہم کرنے کے ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔

امریکی سفارت خانے نے سوشل میڈیا پلیٹ فورم ایکس پر اپنے بیان میں جنوبی ایشا میں امریکی کمپنوں کی سرمایہ کاری کی اہمیت پر بھی زور دیا ہے۔

ڈھاکہ میں امریکی سفارت خانے کے اکاؤنٹ سے کی گئی پوسٹ میں کہا گیا ہے کہ درست معاشی اصلاحات کے نتیجے میں امریکی نجی شعبہ تجارت اور سرمایہ کاری کے ذریعے بنگلہ دیش کے لیے معاشی ترقی کے نئے دروازے کھول سکتا ہے۔

امریکی وفد نے ہفتے کو امریکن چیمبر آف کامرس ان بنگلہ دیش (ایم چیم) کے تحت امریکی کمپنیوں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی تھی۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.