ڈیرہ غازی خان میں وزیراعظم شہباز شریف کا خطاب: ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا اعلان

ڈیرہ غازی خان: وزیراعظم شہباز شریف نے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ڈیرہ غازی خان آکر دلی خوشی محسوس ہو رہی ہے۔ انہوں نے پرتپاک استقبال پر عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے عوام کی ترقی کے لیے دن رات کام کیا اور نواز شریف کا ویژن صرف پاکستان کی ترقی ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز کی عوامی خدمت

وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں پنجاب کی بے پناہ ترقی ہوئی، جبکہ اب مریم نواز صوبے کے عوام کی خدمت کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مریم نواز پنجاب کے ہر گھر میں ادویات پہنچا رہی ہیں اور ہر شہری کی دہلیز پر سہولیات فراہم کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔ شہباز شریف نے 2010 کے سیلاب کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس مشکل وقت میں بھی حکومت نے جنوبی پنجاب میں دن رات کام کیا۔

تعلیم، صحت اور روزگار کی فراہمی پر زور

وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے خادم اعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے صحت، تعلیم اور انڈسٹری کی ترقی کے لیے بے شمار اقدامات کیے۔ انہوں نے عوام کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ ساری زندگی بھی عوام کی خدمت کرتے رہیں تو پھر بھی ان کا احسان نہیں اتار سکتے۔ شہباز شریف نے کہا کہ ہماری حکومت نے سیاست کو قربان کر کے ریاست کو بچایا اور اب ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔

پاکستان کی معیشت میں بہتری کا دعویٰ

وزیراعظم نے معیشت کی بہتری پر بات کرتے ہوئے کہا کہ جب وہ بیرون ملک جاتے ہیں تو دعا کرتے ہیں کہ برادر ممالک یہ نہ سمجھیں کہ وہ کچھ مانگنے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت اب مستحکم ہو رہی ہے، مہنگائی کو 40 فیصد سے 4 فیصد پر لایا گیا ہے، جبکہ پالیسی ریٹ 22 فیصد سے کم کرکے 12 فیصد کیا گیا ہے۔

ترقی میں بھارت کو پیچھے چھوڑنے کا عزم

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں واضح کیا کہ ان کے لیے تمام صوبے برابر ہیں اور وہ دن رات محنت کر کے پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان نے ترقی میں بھارت کو پیچھے نہ چھوڑا تو ان کا نام شہباز شریف نہیں۔

Comments are closed.