سارے قانونی راستے اختیار کیے، پھر بھی شنوائی نہیں ہو رہی:سینیٹر مشال یوسفزئی

پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر مشال یوسفزئی نے کہا ہے کہ عمران خان سے ملاقات نہ ہونے اور معلومات فراہم نہ کیے جانے پر تمام قانونی راستے اختیار کرنے کے باوجود کوئی سننے والا نہیں۔ دھرنے کے مقام سے واپسی پر انہوں نے واضح کیا کہ آئین و قانون کے تحت احتجاج کرنے کے باوجود جواب دہی کا بنیادی حق بھی نہیں دیا جا رہا۔

سینیٹر مشال یوسفزئی کا شکوہ

مشال یوسفزئی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ وہ پوری رات گورکھ پور ناکے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے ساتھ دھرنے میں موجود رہیں۔
ان کے مطابق دھرنا مکمل طور پر آئینی اور قانونی دائرے میں تھا، لیکن اس کے باوجود عمران خان اور بشریٰ بی بی کی خیریت سے متعلق کوئی معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ وہ اب اسلام آباد ہائیکورٹ جا رہی ہیں جہاں چیف جسٹس کو بتایا جائے گا کہ کس طرح قانون کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے اور بنیادی حقوق سلب ہو رہے ہیں۔

دھرنا ختم، قیادت کی ہائیکورٹ روانگی

واضح رہے کہ عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہ ملنے پر وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے راولپنڈی کے گورکھ پور ناکے پر دھرنا دیا تھا۔صبح مشاورت کے بعد دھرنا ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، جس کے بعد وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی اور دیگر رہنما اسلام آباد ہائیکورٹ کے لیے روانہ ہو گئے۔

Comments are closed.