ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں میڈل کی دوڑ سے باہر

پاکستان کے اولمپکس گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ کے جیولن تھرو فائنل میں میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔ ٹوکیو میں ہونے والے مقابلے میں انہوں نے پہلی تھرو 82.73 میٹر کی، دوسری تھرو ضائع ہوگئی جبکہ تیسری تھرو میں وہ 83.75 میٹر تک محدود رہے۔ ان کی چوتھی تھرو بھی فاول قرار پائی۔

ٹاپ 8 میں رسائی نہ مل سکی

ایونٹ کے اصول کے مطابق ابتدائی تین راؤنڈز میں ٹاپ 8 ایتھلیٹس کو ہی اگلے مرحلے میں رسائی ملتی ہے۔ تاہم ارشد ندیم اس فہرست میں جگہ نہ بنا سکے اور فائنل کے ابتدائی مرحلے میں ہی میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئے۔

نیرج چوپڑا کی کارکردگی

بھارت کے جیولن تھرو اسٹار نیرج چوپڑا نے اپنی پہلی تھرو 83.65 میٹر کی، دوسری کوشش میں 84.03 میٹر پھینکا جبکہ تیسری تھرو ضائع ہوگئی۔ ان کی چوتھی تھرو 82.86 میٹر کی رہی اور پانچویں کوشش فاول قرار پائی۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں واپسی

یاد رہے کہ گزشتہ روز کوالیفائنگ راؤنڈ میں ارشد ندیم نے ابتدا میں کمزور پرفارمنس دکھائی۔ پہلی تھرو 76.9 میٹر اور دوسری 74.17 میٹر رہی۔ تاہم تیسرے موقع پر شاندار کم بیک کرتے ہوئے 85.28 میٹر کی تھرو کے ساتھ فائنل کے لیے کوالیفائی کیا۔

ارشد ندیم کے اعزازات

ارشد ندیم نے پیرس اولمپکس 2024 میں تاریخ رقم کی تھی جب انہوں نے جیولن تھرو میں 92.97 میٹر کی شاندار تھرو کرتے ہوئے پاکستان کو 40 برس بعد اولمپکس گولڈ میڈل جتوایا۔ اسی کارکردگی کے اعتراف میں ایشین ایتھلیٹکس فیڈریشن نے انہیں 2024 کا ایشیا کا بہترین ایتھلیٹ قرار دیا اور کوریا میں خصوصی ایوارڈ سے نوازا۔

Comments are closed.