ایشیا کپ ٹی 20: بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دی

ایشیا کپ ٹی 20 ٹورنامنٹ کے ہائی وولٹیج مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو باآسانی 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں بھارت نے پاکستان کی جانب سے دیا گیا 128 رنز کا ہدف صرف 15.5 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ کپتان سوریاکمار یادیو 47 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے جبکہ ابیشیک شرما اور تلک ورما نے 31،31 رنز کی اننگز کھیلیں۔ شبمن گل نے بھی 10 رنز کا حصہ ڈالا۔ پاکستان کی جانب سے تینوں وکٹیں صائم ایوب کے حصے میں آئیں۔

پاکستان کی ناکام بیٹنگ لائن اپ
اس سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، مگر پاکستانی بیٹنگ لائن بھارتی باؤلنگ کے سامنے نہ ٹک سکی۔ مقررہ 20 اوورز میں پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر صرف 127 رنز بنائے۔ اوپننگ بلے باز صائم ایوب بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوگئے جبکہ محمد حارث بھی صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ فخر زمان نے 17 اور کپتان سلمان علی آغا نے 3 رنز بنائے۔ حسن نواز 5، محمد نواز بغیر رن، فہیم اشرف 11 اور سفیان مقیم 10 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی کی جارحانہ اننگز
پاکستان کی بیٹنگ میں سب سے نمایاں کارکردگی شاہین شاہ آفریدی کی رہی جنہوں نے آخر میں جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 16 گیندوں پر 4 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 33 رنز بنائے اور ٹیم کا مجموعہ 127 تک پہنچایا۔

بھارتی باؤلرز کا دباؤ
بھارت کی جانب سے کلدیپ یادو سب سے کامیاب باؤلر ثابت ہوئے جنہوں نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ اکشر پٹیل اور جسپریت بمراہ نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہاردک پانڈیا اور ورون چکرورتھی کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔

میچ کا نتیجہ اور اہمیت
بھارت کی یہ کامیابی ایشیا کپ میں ان کی پوزیشن مزید مستحکم کر گئی جبکہ پاکستان کو اپنی بیٹنگ کارکردگی بہتر بنانے کے لیے سخت محنت کی ضرورت ہے۔ شاہین شاہ آفریدی کی شاندار اننگز کے باوجود پاکستانی ٹیم ایک کم اسکورنگ میچ میں بھارت کے ہاتھوں باآسانی ہار گئی۔

Comments are closed.