آصف زرداری بمقابلہ محمود خان اچکزئی، نئے صدرپاکستان کیلئے انتخاب شروع

پاکستان کے 14 ویں صدر کے انتخاب کیلئے پولنگ کے عمل کا آغاز ہوگیا۔

صدر مملکت کے انتخابات کیلئے قومی اسمبلی، سینیٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں صبح 10 بجے شروع ہونے والی پولنگ شام 4 بجے تک جاری رہے گی۔

حکمران اتحاد کی جانب سے پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق صدر مملکت آصف علی زرداری امیدوار ہیں جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد محمود خان اچکزئی ہیں۔

آصف زرداری کو مسلم لیگ (ن)، ایم کیو ایم، مسلم لیگ (ق)، استحکام پاکستان پارٹی، بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی پارٹی کی حمایت حاصل ہے جبکہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کو سنی اتحاد کونسل کی حمایت حاصل ہے۔

جمعیت علمائے اسلام اور گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے صدارتی انتخاب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا ہے۔

ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلی اور سینیٹ سیکرٹریٹ کے جاری کردہ شناختی کارڈ اپنے ہمراہ لانے کے پابند ہیں، بیلٹ پیپر پر ووٹر پسند کے امیدوار کے نام کے سامنے خصوصی پینسل سے کراس لگائے گا۔

سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار صدر پاکستان ہوگا، اگر دونوں امیدوار برابر ووٹ حاصل کرتے ہیں تو فیصلہ قرعہ اندازی سے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سینیٹ، قومی اسمبلی اور ملک کی چاروں صوبائی یعنی خیبر پختونخوا، پنجاب، سندھ اور بلوچستان اسمبلیوں کے اراکین کی کُل تعداد 1185 ہے، ان میں سے سینیٹ ارکان کی تعداد 100، قومی اسمبلی کے ارکان کی تعداد 336 جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے کُل ارکان کی تعداد 749 ہے۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.