خیبرپختونخوا میں وزیراعلیٰ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں کی گئی سیاسی حکمت عملی کے نتیجے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پانچ میں سے چار امیدوار سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہو گئے ہیں، جسے پارٹی نظم و ضبط اور قیادت سے وفاداری کی ایک اہم مثال قرار دیا جا رہا ہے۔
دستبردار ہونے والے امیدوار
سینیٹ الیکشن سے دستبردار ہونے والے امیدواروں میں:
وقاص اورکزئی
ارشاد حسین
عرفان سلیم
عائشہ بانو
شامل ہیں، جب کہ خرم ذیشان نے تاحال دستبرداری سے انکار کر دیا ہے۔ پارٹی کی جانب سے خرم ذیشان کو منانے کی کوششیں جاری ہیں۔
امیدواروں کے بیانات
عرفان سلیم نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا:
“ہمیں بانی پی ٹی آئی کا ہر فیصلہ منظور ہے اور ہم ان کے ساتھ کھڑے ہیں۔”
عائشہ بانو کا کہنا تھا:
“بانی پی ٹی آئی کے حکم پر ہمیشہ لبیک کہا، پارٹی کا نظریہ سب سے مقدم ہے۔”
ارشاد حسین نے بیان دیا:
“پارٹی فیصلے کو ذاتی مفاد پر ترجیح دی، یہی حقیقی وفاداری ہے۔”
وقاص اورکزئی نے نظریاتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا:
“سیٹ وقتی چیز ہے، نظریہ ہمیشہ قائم رہتا ہے، ہم نظریے کے ساتھ ہیں۔”
وزیراعلیٰ کا ردعمل
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے دستبردار ہونے والے امیدواروں کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا:
“یہ فیصلہ بانی پی ٹی آئی کے نظریے کی فتح ہے۔ وفادار اور نظریاتی کارکنوں نے ایک بار پھر پارٹی کا وقار بلند کیا ہے۔ وقاص اورکزئی، ارشاد حسین، عرفان سلیم اور عائشہ بانو نے پارٹی فیصلے پر لبیک کہا، یہ جذبہ مثالی ہے۔”
Comments are closed.