وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ملتان میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ ترک وفد کو خوش آمدید کہتی ہیں اور تعلیمی میدان میں ترکیہ کے تعاون پر ان کی مشکور ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، جو وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔ انہوں نے ترک صدر رجب طیب اردوان کو پاکستان کا بہترین دوست قرار دیتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں ترکیہ کے ساتھ مزید شراکت داری کے خواہاں ہیں۔
تقریب سے قبل وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور گرلز ہاسٹل کا سنگ بنیاد رکھا۔ یہ ہاسٹل 119 رہائشی کمروں پر مشتمل ہوگا، جس میں میس ہال، جمنازیم، تفریحی لاؤنج اور 5 دفاتر کی سہولت فراہم کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی کے مختلف شعبوں کا بھی معائنہ کیا اور جدید گوگل کلاس رومز اور ڈیجیٹل لائبریری کا وزٹ کیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدامات جدید تعلیم کے فروغ میں اہم کردار ادا کریں گے۔
ترکیہ کے وفد کی موجودگی میں مریم نواز نے دونوں ممالک کے تعلیمی شعبے میں مزید تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا، جس سے طلبہ کو جدید اور معیاری تعلیم کی سہولیات فراہم ہوں گی۔
Comments are closed.