لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ 2025-26 میں حکومت نے تنخواہ دار طبقے کو ریلیف فراہم کر کے اہم قدم اٹھایا ہے، جبکہ کچھ عناصر ملک کی بہتری پر بھی ناخوش ہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی معاشی ٹیم کو بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ “آئی ایم ایف کے دباؤ کے باوجود حکومت نے تنخواہوں اور پنشن میں اضافہ کر کے درمیانے طبقے کو سہارا دیا ہے، یہ اقدام خوش آئند ہے۔”
انہوں نے کہا کہ “ملک میں ایک مخصوص سوچ رکھنے والے افراد ہیں جو کبھی خوش نہیں ہوتے، کل قومی اسمبلی میں ایک گروہ نے جو تماشہ کیا، پوری قوم نے دیکھا، ان کی خواہش ہے کہ پاکستان ترقی نہ کرے۔”
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ سٹاک مارکیٹ میں 2100 پوائنٹس کا اضافہ سرمایہ کاروں کے اعتماد کا ثبوت ہے اور یہ بجٹ معیشت میں استحکام کی علامت ہے۔
پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ جماعت کبھی بھی ملکی مفاد میں کوئی مثبت قدم نہیں اٹھا سکی، اور اب ’واشنگٹن چلو‘ جیسی مہمات چلا کر قوم کو گمراہ کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ “ان کے یوٹیوبرز اس مہم کو ہوا دے رہے ہیں، مگر خود بیرسٹر گوہر نے واضح کیا ہے کہ کوئی کال نہیں دی گئی۔”
انہوں نے مزید کہا کہ “عزت اور ذلت اللہ کے ہاتھ میں ہے، اور اللہ تعالیٰ نے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور پاکستان کو عزت دی ہے۔ بیرون ملک بیٹھے چند یوٹیوبرز جو ملک اور اداروں کے خلاف پروپیگنڈا کر رہے ہیں، وہ درحقیقت خود اپنی عزت گنوا رہے ہیں۔”
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت ملک کے استحکام، اداروں کی عزت اور عوامی فلاح کے لیے کام کرتی رہے گی، اور منفی پروپیگنڈے سے متاثر نہیں ہوگی۔
Comments are closed.