امریکہ کے سابق صدر اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کی شب نیو یارک کے میڈیسن اسکوائر گارڈن میں ایک ریلی کی قیادت کی ہے۔
اس ریلی کے آغاز پر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں نے ان کے مخالفین پر شدید تنقید کی۔
ڈونلڈ ٹرمپ کو نیویارک میں کئی دہائیوں سے ایک مشہور شخصیت کی حیثیت حاصل رہی ہے۔ ان کا یہ سیاسی اجتماع باسکٹ بال گیمز اور کنسرٹس کے لیے مشہور مقام پر ہوا جس کو ٹرمپ اپنی سیاسی حریف کاملا ہیرس کے خلاف انتخابی مہم کے آخری ہفتے میں استعمال کرنے کی امید کر رہے ہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے خطاب کے آغاز میں کہا کہ وہ ابتدا ایک بہت ہی سادہ سے سوال سے کریں گے۔ اس کے بعد انہوں نے مجمعے سے سوال کیا کہ “کیا آپ چار سال پہلے کے مقابلے میں آج بہتر مقام پر ہیں؟”
ان کے سوال کے جواب میں مجمعے نے ایک زور دار آواز میں ‘نہیں’ میں جواب دیا۔
انہوں نے ڈیموکریٹک پارٹی کی صدارتی امیدوار اور ملک کی نائب صدر کاملا ہیرس کو کم آئی کیو رکھنے والی شخصیت قرار دیا۔
ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر وہ پانچ نومبر کو صدارتی الیکشن میں کامیاب ہو جاتے ہیں تو مجرموں کی امریکہ میں در اندازی بند کر دیں گے۔
اس تقریب سے خطاب کرنے والے کم از کم 20 مقررین میں سابق ریسلر ہلک ہوگن سے لے کر نیویارک کے سابق میئر روڈی گیولیانی سمیت ان کے بیٹے ایرک اور ڈان بھی شامل تھے۔
اس دوران بعض مقررین نے کاملا ہیرس پر مختلف بے بنیاد الزامات بھی عائد کیے جب کہ کیریبین میں امریکہ کے خود مختار علاقے پورٹو ریکو کو تیرتا ہوا کچے کا جزیرہ بھی قرار دیا گیا جس پر اس خطے کے لوگوں کی جانب سے بھی تنقید کی گئی۔
Comments are closed.