اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت دیامر بھاشا ڈیم سمیت ملک میں آبی وسائل سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا جس میں توانائی کے بحران، پانی کی قلت اور زراعت کی بہتری جیسے اہم امور زیر بحث آئے۔
اجلاس کے دوران وزیراعظم نے واضح ہدایات جاری کیں کہ دیامر بھاشا ڈیم جیسے قومی اہمیت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے اور اس کی راہ میں حائل تمام رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ ملک کو پانی اور توانائی کی مسلسل فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت بڑھانا، زراعت کو درکار پانی کی دستیابی اور سیلاب کی روک تھام کے لیے نئے ڈیمز کی تعمیر ناگزیر ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی خود انحصاری کا انحصار سستی بجلی اور زرعی ترقی پر ہے، جس کے لیے پانی کے ذخائر میں اضافہ اور اس کا مؤثر استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم کو ڈیم کی تعمیر سے متعلق تازہ ترین پیشرفت اور درپیش چیلنجز پر بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی کہ منصوبے میں تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔
اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان انجینئر امیر مقام، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر آبی وسائل معین وٹو، مشیر رانا ثناء اللہ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان اور دیگر اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔
Comments are closed.