وفاقی کابینہ نے بجٹ 26-2025ء کی منظوری دے دی، سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافہ

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ملک اس وقت اقتصادی ترقی کے ایک اہم مرحلے میں داخل ہو چکا ہے، اور بجٹ 2025-26ء میں ترقی کو اولین ترجیح دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق وفاقی کابینہ نے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں مالی سال 2025-26ء کے بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ اس اجلاس میں معیشت کو مستحکم کرنے، مہنگائی پر قابو پانے اور عام آدمی کو ریلیف دینے سے متعلق مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔

وفاقی کابینہ نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد جبکہ پنشن میں 7 فیصد اضافے کی منظوری دے دی ہے۔ اس کے علاوہ گریڈ 1 سے گریڈ 16 کے سرکاری ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیرٹی الاؤنس دینے کی تجویز بھی زیر غور آئی، تاہم حتمی منظوری صرف تنخواہ اور پنشن اضافے کی دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق بجٹ تجاویز کی حتمی منظوری کابینہ اجلاس میں دی گئی، جس کے بعد بجٹ قومی اسمبلی میں پیش کیے جانے کے لیے تیار ہے۔ وزیراعظم نے بجٹ کی منظوری کے موقع پر کہا کہ “ملک اقتصادی ٹیک آف کی پوزیشن پر کھڑا ہے، اور ہمیں ترقی کے سفر کو مزید تیز کرنا ہوگا۔”

وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ اس بجٹ کا مقصد نہ صرف معاشی استحکام حاصل کرنا ہے بلکہ عام عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا بھی اہم ترجیح ہے۔

Comments are closed.