خیبر پختونخوا کے ضلع بنوں میں میرانشاہ روڈ پر فلور ملز کے قریب مسلح افراد نے پولیس گاڑی پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں اسسٹنٹ کمشنر شمالی وزیرستان شاہ ولی خان سمیت 4 افراد شہید ہو گئے۔ واقعے نے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔
پولیس کے مطابق نامعلوم حملہ آوروں نے اچانک پولیس گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کی اور زخمی اہلکاروں سے اسلحہ چھین کر فرار ہو گئے۔ ابتدائی اطلاعات میں 3 افراد کی ہلاکت اور 2 اہلکاروں کے زخمی ہونے کی اطلاع ملی تھی، تاہم بعد ازاں ڈی آئی جی بنوں سجاد خان نے تصدیق کی کہ مجموعی طور پر 4 افراد شہید جبکہ 3 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
شہیدوں اور زخمیوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال بنوں منتقل کر دیا گیا، جبکہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر علاقے کا محاصرہ کر لیا۔ اسسٹنٹ کمشنر بنوں نے بھی تصدیق کی کہ اسسٹنٹ کمشنر میرانشاہ کی گاڑی کو نشانہ بنایا گیا، جس میں 2 پولیس اہلکار اور ایک ڈرائیور زخمی ہوئے۔
پولیس نے حملہ آوروں کی تلاش کیلئے آپریشن کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔
Comments are closed.