کوئی فیورٹ نہیں،وزیرخارجہ سے غلط بیان منسوب کرنا افسوسناک، گمراہ کن ہے، زاہدحفیظ

پاکستانی وزارت خارجہ نے ایک مرتبہ پھر واضح کیا ہے کہ افغانستان میں پاکستان کا کوئی فیورٹ نہیں، داعش اور طالبان کے حوالے سے سوشل میڈیا پر زیرگردش وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے منسوب بیان گمراہ کن اور افسوسناک ہے۔

داعش اور طالبان کے بارے میں سوشل میڈیا پر زیرگردش وزیرخارجہ سے منسوب بیان کی وضاحت کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے ترجمان زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ وزیرخارجہ سے ایسی باتیں منسوب کرنا جو انہوں نے نہیں کی گمراہ کن اور افسوسناک ہے۔

دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں زاہد حفیظ چوہدری نے واضح کیا کہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے افغانوں کی قیادت میں افغانوں کو قبول امن عمل کی بات کی تھی، وزیرخارجہ نے دہشت گردی کے خلاف عالمی برادری، علاقائی فریقین اور افغانوں کے اتفاق رائے کی واضح بات کی تھی۔

ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ اس بیان کو افغان تنازعہ میں کسی ایک فریق کی وکالت کرنے سے متعلق تاثر دینا غلط ہے، پاکستان نے بارہا کہا ہے کہ افغانستان میں ہمارا کوئی فیورٹ نہیں، ہم افغان تنازعہ کے تمام فریقین کو مدنظر رکھتے ہیں جنہوں نے اپنے مستقبل کا ازخود فیصلہ کرنا ہے۔

زاہد حفیظ چوہدری نے کہا کہ پاکستان افغان امن عمل میں سہولت کاری کا اپنا تعمیری کردار جاری رکھے گا، موجودہ حالات میں اجتماعیت کے حامل، وسیع البنیاد اور جامع سیاسی تصفیہ کے لئے تمام توانیاں بروئے کارئے لانے پر توجہ مرکوز ہونی چاہئے۔

Comments are closed.