جرمنی: اوورسیز پاکستانیوں کا تاریخی پاور شو، پاکستان اور پاک فوج زندہ باد کے فلک شگاف نعرے

اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے فرینکفرٹ میں پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے عنوان سے ایک عظیم الشان ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ یہ ریلی یورپی یونین پاک فرینڈشپ فیڈریشن اور پاکستانی کمیونٹی جرمنی کے اشتراک سے منعقد کی گئی۔
یہ پانچویں ریلی تھی، جو اب تک کی سب سے بڑی اور شاندار پاور شو کے طور پر سامنے آئی۔ پاکستانی کمیونٹی کی بے مثال شرکت نے ایک تاریخی منظر پیش کیا۔

ریلی کی صدارت چوہدری احسان نذیر آف چک سکندرا اور عنصر بٹ نے کی، جبکہ آرگنائزرز میں چوہدری احسان نذیر، باؤ خالد، چوہدری اختر اعوانا، افضل قادری، چوہدری یونس آف ساروچک، راجہ انجم گڈو، ناصر بٹ، احمد ڈار، چوہدری احسان آف ملک پور چاڑا اور گوہر باجوہ شامل تھے۔

ریلی میں چوہدری اعجاز حسین پیارا، آزاد حسین، چوہدری عامر وڑائچ آف جمنا، چوہدری زبیر دراجی اور دانیال عزیز نے خصوصی شرکت کی۔ مہمان خصوصی چوہدری پرویز اقبال لوسر، چیئرمین ای یو پاک فرینڈشپ فیڈریشن یورپ، نے اپنی موجودگی سے ریلی کو مزید اہمیت دی۔

شرکاء کا پاک فوج سے اظہار یکجہتی

ریلی کے شرکاء نے “سب سے پہلے پاکستان” کا نعرہ لگاتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ اوورسیز پاکستانی ہر حالات میں پاک فوج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ مقررین نے کہا کہ پاک فوج ہماری سرحدوں کی اصل محافظ ہے اور جو اس کا دشمن ہے، وہ ریاست کا دشمن ہے۔

ریلی میں خواتین کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے سبز ہلالی پرچم لہرا کر اپنے وطن سے محبت کا اظہار کیا۔ مقررین نے زور دیا کہ “ترسیلات زر بڑھاؤ، ملک بچاؤ” کے عزم کو جاری رکھا جائے اور کسی بھی سول نافرمانی کو مسترد کیا جائے۔

مہوش افتخار کا خطاب

ریلی کی خاص بات پاکستانی نژاد جرمن پارلیمنٹ کی امیدوار مہوش افتخار کا خطاب تھا، جنہوں نے کہا کہ پاکستانی ہونے پر انہیں فخر ہے۔ انہوں نے پاکستان کو ایک عظیم ملک قرار دیا اور اوورسیز پاکستانیوں کی خدمات کو سراہا۔

پاک فوج کی حمایت میں فلک شگاف نعرے

ریلی کے دوران پاک فوج کی حمایت میں فلک شگاف نعرے گونجتے رہے، جن میں “نکلو سپہ سالار کی خاطر، تیرا ضمیر میرا ضمیر، عاصم منیر عاصم منیر” شامل تھے۔ شرکاء نے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی تصاویر اور سبز ہلالی پرچم اٹھا رکھے تھے، جبکہ فرینکفرٹ کی فضا پاکستان زندہ باد اور پاک فوج زندہ باد کے نعروں سے گونجتی رہی۔

ریلی کا اختتام

ریلی کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ ہمیشہ پاک فوج کے ساتھ کھڑے رہیں گے اور اس کے خلاف ہر سازش کو ناکام بنائیں گے۔ مقررین نے اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے دی گئی بھرپور حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ یکجہتی دشمنوں کے لیے واضح پیغام ہے کہ پاک فوج اور پاکستان ناقابل تسخیر ہیں۔

Comments are closed.