حکومت مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، وعدے توڑ رہی ہے: اسد قیصر

تحریک انصاف کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان جاری مذاکراتی عمل پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی جماعت نے ملک کے مفاد میں اپنے تحفظات کو کم کیا ہے تاکہ پاکستان کے مسائل کا حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں آئین کی حکمرانی، آزاد عدلیہ، اور مضبوط پارلیمنٹ چاہتے ہیں۔

اسد قیصر نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے بانی تحریک انصاف سے ملاقات کا وعدہ کیا تھا لیکن اب مختلف بہانے کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے حکومت کے بعض رہنماؤں، خاص طور پر مریم نواز اور خواجہ آصف کے بیانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا رویہ مذاکرات کو ناکام بنانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ایک مظلوم جماعت ہے جس نے ظلم کا سامنا کیا لیکن قومی مفاد میں ہر ممکن قدم اٹھانے کی کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بانی تحریک انصاف جیل میں مشکلات برداشت کر رہے ہیں اور قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

اسد قیصر نے عزم ظاہر کیا کہ تحریک انصاف اپنی کمٹمنٹ پر قائم رہے گی اور پاکستان کے بہتر مستقبل کے لیے کام جاری رکھے گی۔

Comments are closed.