پاکستان اور امریکا کے درمیان تاریخی تجارتی معاہدہ طے پا گیا — وزیراعظم اور اسحاق ڈار کا صدر ٹرمپ کا شکریہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان ایک “تاریخی تجارتی معاہدہ” کامیابی سے طے پا گیا ہے، جس کے لیے انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا ہے۔
وزیراعظم نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر اپنے بیان میں کہا کہ صدر ٹرمپ نے اس معاہدے میں قائدانہ کردار ادا کیا، اور یہ معاہدہ پاکستان اور امریکا کے درمیان بڑھتے ہوئے تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ڈیل مستقبل میں دونوں ممالک کی دیرپا شراکت داری کو مزید وسعت دینے میں اہم سنگ میل ثابت ہوگی۔
اس اہم پیش رفت پر نائب وزیراعظم و وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بھی سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے کہا: “الحمدللہ، پاکستان اور امریکا کے درمیان تاریخی معاہدہ طے پا گیا ہے۔” ان کا کہنا تھا کہ یہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان معاشی تعاون کو گہرا کرے گا، توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو وسعت دے گا اور سرمایہ کاری کے نئے دروازے کھولے گا۔
اسحاق ڈار نے وزیراعظم شہباز شریف کی سفارتی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان عالمی سطح پر ایک بار پھر اپنا مقام مستحکم کر رہا ہے، اور یہ کامیابی قومی مفاد پر مبنی معاشی ڈپلومیسی کی ترجیحی پالیسی کا نتیجہ ہے۔
اگرچہ معاہدے کی مکمل تفصیلات ابھی جاری نہیں کی گئیں، تاہم حکومتی ذرائع کے مطابق یہ معاہدہ توانائی، انفراسٹرکچر (بنیادی ڈھانچے)، اور برآمدی مواقع کی توسیع میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔
تجزیہ کار اس معاہدے کو نہ صرف پاکستان کی معاشی بہتری کی جانب قدم قرار دے رہے ہیں بلکہ اس سے خطے میں پاکستان کا اقتصادی و سفارتی وزن بھی بڑھنے کی توقع ہے۔
Comments are closed.