ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھوں گا:عمران خان

عمران خان نے اڈیالہ جیل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کیلئے زبردست کام کیا، اسے کئی مرتبہ سمجھایا پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی نہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی جماعت میں دائرے کے اندر رہ کر کام کرنا ہوتا ہے، جنگ باہر والوں سے ہوتی ہے پارٹی میں لڑائی نہیں ہوتی، لیکن شیر افضل ہر دوسرے دن کسی نہ کسی پارٹی لیڈر پر چڑھائی کر دیتا تھا، کوئی پارٹی ڈسپلن میں رہے تو ٹھیک خلاف ورزی کرے تو پورس کا ہاتھی بن جاتا ہے۔
بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سعودی وفد کے دورہ کے موقع پر شیر افضل مروت نے متنازعہ بیان دیا، جبکہ محمد بن سلمان نے میرے کہنے پر دو مرتبہ او آئی سی کانفرنس کروائی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ شیر افضل مروت نے پارٹی کے لئے بہت کام کیا لیکن انکو پارٹی پالیسی کی بار بار خلاف ورزی نہیں کرنی چاہیئے ، وہ اب بھی پارٹی پالیسی کے مطابق چلے تو کوئی ایشو نہیں ہے، اسے نوٹس جاری کیا ہے جواب دینگے تو ٹھیک ہے۔

عمران خان نے زور دیا کہ ملکی حالات پر آرمی چیف کو خط لکھوں گا، پبلک مینڈیٹ کے مطابق حکومت بنانی پڑے گی اس کے بغیر ملک نہیں چل سکتا، ملک کی ٹیکس کلیکشن 13.3 ٹریلین ہے، 9.3 ٹریلین ہم نے قرضوں کے سود کی مد میں ادا کرنے ہوتے ہیں، اس طرح سے 24 کروڑ ابادی کا ملک کیسے چلے گا، ملک کی آمدنی میں اضافہ ہو نہیں رہا سرمایہ کاری کیلئے کوئی تیار نہیں، بجٹ سے پہلے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گا تنخواہ دار طبقہ سڑکوں پر ہوگا۔

بے گناہی ثابت کرنے کے لیے شہزاد اکبر اور فرح گوگی کو عدالت میں بلانے سے متعلق سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ فرح گوگی سے صرف تین ملاقاتیں ہوئی ہیں اس کا تعلق بشری بی بی سے تھا، ان حالات میں شہزاد اکبر آیا تو اس کو ائیرپورٹ سے اٹھا لیا جائے گا، ملک میں جنگل کا قانون ہے، جنگل کا بادشاہ سب کچھ چلا رہا ہے۔

بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں جو کچھ ہورہا ہے اس پر تشویش ہے، ملک میں جمہوریت ختم ہوچکی ہے، پہلے کشمیر اور پھر گلگت بلتستان میں ہماری حکومتیں گرائی گئیں، پہلے گلگت اور اب کشمیر میں لوگ اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوچکے ہیں، پیش گوئی کررہا ہوں جون اور جولائی میں ان سے ملک سنبھالا نہیں جائے گا، بجٹ میں ٹیکسز، گیس و بجلی کے بلز میں اضافے پر تنخواہ دار طبقہ باہر آجائے گا۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.