پی ٹی آئی نہ مانی تو مولانا فضل الرحمان اپنا مسودہ خود پیش کریں گے:رانا ثناء اللہ

اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ کا کہنا تھا کہ ان کی ذاتی رائے ہے کہ پی ٹی آئی کو قائل کیا ہی نہیں جا سکتا، متفق ہونا، مذاکرات کرنا پی ٹی آئی کی سیاست ہی نہیں، انہوں نے وہی کرنا ہے جو پچھلے 10 سال سے کرتے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی انہوں نے وہاں کچھ اور باتیں کی ہیں اور بہانہ بنایا ہے کہ مشاورت کر رہے ہیں، پی ٹی آئی نہ مانی تو مولانا فضل الرحمان اپنا مسودہ خود پیش کریں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ امید ہے سربراہ جے یو آئی پیچھے نہیں ہٹیں گے، مولانا فضل الرحمان آج اجلاس میں ضرور آئیں گے اور ووٹ دیں گے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ حکومت مولانا فضل الرحمان کے پیش کردہ مسودے پر آمادہ ہے لیکن پی ٹی آئی کی کوشش ہے کہ کسی بھی طرح مولانا کو چکر دیں، آئینی ترمیم میں ووٹ کے لئے کسی کو آفر نہیں ہوئی جسے آفر ہوئی وہ سامنے آ کر عوام کو بتائے کہ کتنے کروڑ کی آفر ہوئی ہے۔

وزیراعظم کے مشیرنے کہا ہے کہ دعاگو ہوں کہ مولانا فضل الرحمان کی سوچ غالب آئے اور وہ پی ٹی آئی کو منا لیں۔

مشیر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ وفاقی کابینہ آج کی صورتحال دیکھ کر 26 ویں آئینی ترمیم کے حوالے سے فیصلہ کرے گی۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.