مریم نواز کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے: نواز شریف

مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں صوبے میں نمایاں بہتری دیکھنے کو مل رہی ہے۔

یہ بات انہوں نے راولپنڈی، اٹک، مری، چکوال، وزیرآباد، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے پنجاب اسمبلی کے ارکان سے ملاقات کے دوران کہی۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، عوامی مسائل اور حلقوں میں جاری ترقیاتی کاموں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارکان اسمبلی کا وزیراعلیٰ مریم نواز کو خراج تحسین

ملاقات میں ارکان اسمبلی نے مریم نواز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت میں پنجاب میں شفاف اور میرٹ پر مبنی ترقیاتی منصوبے مکمل کیے جا رہے ہیں، جو مثبت سیاسی روایت کا تسلسل ہے۔

نواز شریف نے اس موقع پر کہا:
“آپ سب میری طاقت اور عزت ہیں، الحمدللہ، عوام کی مشکلات میں کمی آ رہی ہے، مریم نواز کی محنت سے پنجاب میں بہتری نظر آ رہی ہے۔”

پنجاب میں عوامی ریلیف کے منصوبے

وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب واحد صوبہ ہے جہاں روٹی 12 سے 14 روپے میں مل رہی ہے، اور حکومت کی کارکردگی پر سب سے بڑا چیک عوام اور نواز شریف ہیں۔

ارکان اسمبلی نے مختلف عوامی منصوبوں پر بھی وزیراعلیٰ کی کاوشوں کو سراہا، جن میں شامل ہیں:

کسان کارڈ کی بدولت آڑھتیوں سے نجات، جس سے کاشتکار خوشحال ہوا۔

صحت کے نظام میں بہتری، مفت ادویات کی فراہمی اور گھروں پر علاج کی سہولت۔

ہونہار طلبہ کے لیے اسکالر شپ پروگرام۔

پنجاب بھر میں “ستھرا پنجاب” مہم کا آغاز۔

اجتماعی شادیوں کے “دھی رانی پروگرام” کو عوامی پذیرائی۔

ترقیاتی منصوبے اور اہداف

وزیراعلیٰ مریم نواز نے اجلاس میں راولپنڈی رنگ روڈ کو دسمبر تک مکمل کرنے کی ہدایت کی، جبکہ راولپنڈی اور گوجرانوالہ ڈویژن میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کا حکم دیا۔

Comments are closed.