190 ملین پاؤنڈنیب ریفرنس میں عمران خان کی درخواست ضمانت منظور

 اسلام آباد ہائیکورٹ نے 190 ملین پاؤنڈ نیب ریفرنس کیس میں بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت منظور کر لی۔عدالت نے دس لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری نے بانی پی ٹی آئی کی درخواست ضمانت پر گزشتہ روز محفوظ کیا گیا فیصلہ سنایا۔ عدالت نے فیصلے میں بانی پی ٹی آئی کو ایک ملین روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کروانے کا حکم جاری کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ ضمانت کے باوجود بانی پی ٹی آئی جیل میں ہی رہیں گے کیونکہ سائفر کیس اور عدت نکاح کیس میں ان کی سزا معطلی کی درخواستیں تا حال زیر التوا ہے ۔ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ نیب ریفرنس میں بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کی سزا پہلے ہی معطل کر رکھی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد کی مقامی عدالت میں بانی پی ٹی آئی کے خلاف آزادی مارچ کے حوالے سے تھانہ کھنہ میں درج مقدمہ کی سماعت ہوئی ۔ عدالت نے شواہد ناکافی ہونے کی بنیاد پر بانی پی ٹی آئی کی بریت کی درخواست منظور کر لی۔ بانی پی ٹی آئی کے خلاف آزادی مارچ اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر مقدمہ 2022 میں درج کیا گیا تھا۔

 

Comments are closed.