بھارت اپنی تنصیبات خود تباہ کر کے الزام پاکستان پر لگا رہا ہے: ڈی جی آئی ایس پی آر

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے ترجمان پاک فوج لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کی حالیہ پروپیگنڈہ مہم اور جارحانہ اقدامات پر دوٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت خود اپنی تنصیبات کو نشانہ بنا کر پاکستان پر الزام لگا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ امرتسر میں بھارتی فوج نے خود ہی اپنی تنصیبات پر حملے کیے جبکہ آدم پور سے بھی پروجیکٹائل خود بھارت نے فائر کیے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر 15 مقامات پر حملے کا الزام مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے طنزیہ انداز میں کہا کہ جہاں بھارت نے میزائل گرنے کا دعویٰ کیا ہے وہاں صرف خشک گھاس موجود تھی، کم از کم گھاس کو آگ ہی لگا دیتے تاکہ دعویٰ سچا لگے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے سوال اٹھایا کہ بھارت کب اپنی فلمی دنیا سے نکل کر حقیقت کا سامنا کرے گا؟ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان بھارت سے آنے والی ہر حرکت کو مانیٹر کر رہا ہے اور گرائے گئے ڈرونز کا فرانزک معائنہ بھی جاری ہے۔

ترجمان پاک فوج نے انکشاف کیا کہ اب تک بھارت کے کل 29 ڈرونز گرائے جا چکے ہیں، جن میں سے صرف ایک ہی اپنے ہدف کو جزوی طور پر نشانہ بنا سکا۔ ان حملوں میں تین معصوم شہری شہید اور چار جوان زخمی ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت ڈراموں اور جھوٹے بیانیوں کے ذریعے مذموم مقاصد حاصل کرنا چاہتا ہے۔ 2019 کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس وقت بھارت پاکستان آ کر چائے پی کر گیا تھا، اب ہم نے چائے وہاں بھجوائی ہے۔

لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ پاکستانی قوم نہ کبھی ڈری ہے اور نہ ڈرے گی۔ قوم مطمئن رہے، ہم ہر محاذ پر تیار اور چوکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم فتنہ الخوارج اور دہشت گردوں سے ایمان، اتحاد اور عوامی حمایت کے ساتھ مسلسل لڑ رہے ہیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے مزید کہا کہ دشمن نہ فوجی اور نہ شہری کی تمیز کرتا ہے، اگر بھارت کا دفاعی نظام اتنا ہی شاندار تھا تو 6 مئی کی رات کہاں گیا؟ 5 طیارے کیسے گر گئے؟ بھارت جانتا تھا کہ پاکستان کا جواب آئے گا۔

انہوں نے بتایا کہ بھارتی ڈرونز کا ملبہ پاکستان کے مختلف علاقوں سے اکٹھا کیا گیا جبکہ بھارت اپنے گرائے گئے جہازوں کا ملبہ خود ہی ہٹا رہا ہے۔ ایک ڈرون کا رُخ ننکانہ صاحب کی طرف تھا، جس پر ترجمان نے حیرت اور افسوس کا اظہار کیا کہ بھارت اس قدر غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہا ہے کہ اب لوگ ان کی حرکات پر ہنس رہے ہیں۔

Comments are closed.