بھارتی وفد کی وزیر خارجہ امیر خان متقی سے ملاقات میں دونوں ملکوں کے تعلقات اور اقتصادی اور راہداری جیسے امور پر بات چیت ہوئی۔ کابل حکومت کے ساتھ براہ راست اور سرکاری سطح پر نئی دہلی کے رابطے کی یہ تازہ ترین کڑی ہے۔
طالبان کی وزارت خارجہ کے ترجمان عبدالقہار بلخی نے کہا کہ بھارت کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے جمعرات کے روز کابل میں وزیر خارجہ امیر خان متقی کے ساتھ ملاقات کی۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اس ملاقات کی اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ طالبان قیادت کے ساتھ براہ راست اور سرکاری سطح پر اس ملاقات کے دوران افغانستان اور بھارت کے درمیان تعلقات نیز اقتصادی اور راہداری جیسے امور پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔
اگست 2021میں افغانستان پر دوبارہ کنٹرول حاصل کرنے کے باوجود اب تک کسی بھی ملک نے طالبان حکومت کو باضابطہ تسلیم نہیں کیا ہے۔ البتہ یہ رفتہ رفتہ ظاہر ہوتا جارہا ہے کہ نئی دہلی کابل حکومت کے ساتھ دھیرے دھیر ے قریب ہو رہا ہے۔
Comments are closed.