اسلام آباد — پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (ڈی جی آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چودھری نے بھارت کی جانب سے کی گئی بلااشتعال جارحیت پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے اہم انکشافات کیے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ گزشتہ رات بھارت نے بزدلانہ انداز میں پاکستان کے 6 مختلف مقامات پر مجموعی طور پر 24 حملے کیے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف کے مطابق، احمد پور شرقیہ میں بھارتی حملے کے نتیجے میں 5 بے گناہ شہری شہید ہوئے جن میں ایک معصوم بچہ بھی شامل ہے۔
بھارتی گولہ باری سے مظفرآباد میں مسجد بلال اور کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ مریدکے میں بھی ایک مسجد پر حملہ کیا گیا، جس میں ایک شہری شہید اور ایک زخمی ہوا۔
انہوں نے مزید بتایا کہ سیالکوٹ کے علاقے کوٹلی لوہاران میں بھی ایک گولہ گرا، اور شکر گڑھ میں ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے واضح کیا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے ان حملوں کا فوری اور مؤثر جواب دیا ہے، اور دشمن کو ہر محاذ پر جواب دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آج دن میں مقامی و بین الاقوامی میڈیا کو متاثرہ مقامات پر لے جایا جائے گا تاکہ بھارت کی بے نقاب جارحیت کو دنیا خود اپنی آنکھوں سے دیکھ سکے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف نے کہا کہ دشمن کے اس بلاجواز اور بزدلانہ اقدام سے پاکستان کے عزم کو کمزور نہیں کیا جا سکتا، اور ہماری افواج وطن کے دفاع کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
Comments are closed.