تل ابیب / تہران – ایران اور اسرائیل کے درمیان جاری غیر معمولی جنگ اپنے ساتویں روز میں داخل ہو گئی ہے، جہاں جمعرات کو ایرانی افواج نے ایک اور میزائل حملہ کیا ہے۔
ایرانی سرکاری ذرائع کے مطابق، جدید میزائلوں کا ہدف اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب، انٹیلی جنس مرکز، اور جنوبی شہر بیر السبع میں قائم فوجی تنصیبات تھیں۔
ایرانی نیوز ایجنسی “فارس” کے مطابق یہ حملے براہِ راست فوجی انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے لیے کیے گئے، جن میں فوجی ہیڈکوارٹر اور انٹیلی جنس کے اہم مراکز شامل تھے۔
اسرائیل کی تصدیق، ہسپتال کو نشانہ بنایا گیا
ادھر اسرائیلی فوج نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ تل ابیب اور حیفا پر “درجنوں” میزائل داغے گئے ہیں۔
اسرائیلی وزارت خارجہ کے مطابق، بیر السبع کے سوروکا ہسپتال پر میزائل حملہ ہوا، جس کے نتیجے میں عمارت کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ وزارت نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ فی الحال اسپتال کا رخ نہ کریں۔
جانی و مالی نقصان
اسرائیلی میڈیا کے مطابق، حملوں کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد زخمی جبکہ 3 شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔
تل ابیب میں کئی عمارتیں میزائل حملوں کی زد میں آئیں، جس سے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا ہے۔ مختلف علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔
علاقائی کشیدگی میں اضافہ
یہ حملہ ایسے وقت میں ہوا ہے جب خطے میں کشیدگی عروج پر ہے، اور عالمی طاقتیں جنگ بندی کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ ایران اور اسرائیل کے درمیان مسلسل جاری یہ کشیدگی خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ بنتی جا رہی ہے۔
Comments are closed.