ایران کی خلیجی ممالک کو اسرائیل کے ساتھ جنگ میں غیر جانبدار رہنے کا انتباہ

ایران کے ایک سینئر عہدے دار کا کہنا ہے کہ تہران نے عرب ریاستوں کو خبردار کر دیا تھا کہ اگر انہوں نے اپنی فضائی حدود یا اڈے ایران کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت دی تو یہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں ہو گا۔

خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کے مطابق ایرانی عہدے دار نے ایسے وقت میں یہ تبصرہ کیا ہے جب ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی بدھ کو سعودی عرب اور دیگر خلیجی ریاستوں کا دورہ کر رہے ہیں۔

گزشتہ ہفتہ ایران کے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد سے اسرائیل کے ردِ عمل کے خدشات ظاہر کیے جا رہے ہیں جس میں عرب ریاستوں کا کردار بھی زیرِ بحث ہے۔

سینئر ایرانی عہدے دار نے خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ کو بتایا کہ ایران نے خلیجی ریاستوں پر واضح کر دیا تھا کہ وہ ایران کے خلاف اپنی فضائی حدود یا اڈے استعمال نہ ہونے دیں۔ اگر ایسا ہوا تو یہ تمام خلیجی ممالک کا مشترکہ فیصلہ تصور کیا جائے گا۔

ایرانی عہدے دار کا کہنا ہے کہ خلیجی ریاستوں کو یہ پیغام خطے میں استحکام کے لیے اسرائیلی کے خلاف علاقائی اتحاد اور یکجہتی پر زور دینے کے لیے دیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عرب ممالک پر واضح کر دیا گیا تھا کہ اسرائیل کو خلیجی ممالک کی فضائی حدود یا ہوائی اڈوں کے استعمال کی اجازت قابلِ قبول نہیں ہوگی۔

’رائٹرز‘ سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی عہدے دار کا کہنا تھا کہ خلیجی ممالک کے ساتھ بات چیت میں یہ ایشو زیرِ بحث نہیں آیا کہ اگر ایران کی تیل کی پیداوار کسی کشیدگی کی وجہ سے کم ہوتی ہے تو خلیجی ممالک اپنی پیداوار بڑھائیں گے یا نہیں۔

مزید خبروں کیلئے وزٹ کریں

Comments are closed.