خیبر پختونخوا حکومت نے ہیلی کاپٹر حادثے پر صوبے بھر میں آج یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر صوبے کے تمام سرکاری و نجی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا۔
وزیراعلیٰ کا شہدا کو خراجِ عقیدت
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی زندگیاں بچانے کے لیے اپنی جانیں قربان کیں، وہ ہمارے اصل ہیرو ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیاں تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائیں گی اور صوبائی حکومت شہدا کے اہلخانہ کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔
سیلابی صورتحال اور حکومتی اقدامات
علی امین گنڈا پور نے کہا کہ کلاؤڈ برسٹ کے نتیجے میں بھیانک سیلابی ریلے آئے ہیں، تاہم عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ صوبائی حکومت متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور نقصانات کا مکمل ازالہ کرے گی۔
حادثے کی تفصیلات
واضح رہے کہ امدادی کارروائیوں میں مصروف خیبر پختونخوا حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر باجوڑ کے بارش سے متاثرہ علاقوں کے لیے امدادی سامان لے جا رہا تھا، تاہم خراب موسم کے باعث کریش کر گیا۔ حادثے میں ہیلی کاپٹر کے 5 اہلکار شہید ہوگئے۔ صوبائی حکومت کے ترجمان فراز مغل نے ہیلی کاپٹر کریش کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حادثہ امدادی مشن کے دوران پیش آیا۔
عوام کے ساتھ یکجہتی
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت عوام کے ساتھ کھڑی ہے اور بہت جلد حالات پر قابو پالیا جائے گا۔
Comments are closed.