لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ: جمشید دستی کی درخواست پر این اے 175 کے ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما جمشید دستی کی درخواست پر این اے 175 میں ہونے والے ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمیشن کی کارروائی بھی روک دی اور اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس جاری کر دیا۔

چیف جسٹس لاہور ہائی کورٹ کی سربراہی میں تین رکنی فل بنچ نے جمشید دستی کی نااہلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے جمشید دستی کے وکیل سے استفسار کیا کہ وکالت نامے پر کب دستخط کیے گئے؟ جس پر وکیل اشتیاق چودھری نے اعتراف کیا کہ وکالت نامے پر تاخیر سے دستخط کیے گئے ہیں۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ انہوں نے پوری درخواست، الیکشن کمیشن کا فیصلہ اور متعلقہ دستاویزات کا بغور مطالعہ کیا ہے۔

جمشید دستی کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ الیکشن کمیشن نے ان کے مؤکل کو بغیر عدالتی ڈکلیریشن کے نااہل قرار دیا ہے، جو کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی ہے۔ وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس اگرچہ ریفرنس آیا تھا لیکن کسی عدالتی فیصلے کے بغیر نااہلی کا اعلان نہیں کیا جا سکتا۔

عدالت نے دلائل سننے کے بعد جمشید دستی کی استدعا منظور کرتے ہوئے این اے 175 میں ضمنی انتخابات کا شیڈول معطل کر دیا اور الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کارروائی روک دی۔ عدالت نے اٹارنی جنرل کو معاونت کے لیے نوٹس بھی جاری کر دیا۔

واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے 15 جولائی کو جمشید دستی کی تعلیمی اسناد کو جعلی قرار دیتے ہوئے انہیں قومی اسمبلی کی رکنیت کے لیے نااہل قرار دیا تھا۔ ان کے خلاف سپیکر قومی اسمبلی نے ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھیجا تھا، جس پر نااہلی کی دو درخواستیں منظور کر لی گئیں تھیں۔

عدالتی کارروائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جمشید دستی کا کہنا تھا کہ انہیں اللہ تعالیٰ نے عزت دی ہے اور ان کا سب سے بڑا قصور یہ ہے کہ وہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے ان کے ساتھ زیادتی کی ہے، لیکن انہیں عدلیہ سے انصاف کی مکمل امید ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ پانچ بار رکن قومی اسمبلی منتخب ہو چکے ہیں اور ان کے خلاف لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

انہوں نے الزام لگایا کہ سپیکر قومی اسمبلی نے انہیں نہ بلایا اور نہ سنا، ان کے خلاف صرف سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کیا گیا۔

Comments are closed.