اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت وفاقی کابینہ کے اہم اجلاس میں ملکی دفاع، قومی خودمختاری اور حالیہ جنگی صورتحال پر غور کے بعد اہم فیصلے کیے گئے۔ اجلاس میں وزیراعظم نے پوری قوم کو آپریشن بنیان مرصوص میں شاندار فتح پر مبارکباد دی اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے پر پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
وفاقی حکومت نے معرکہ حق میں نمایاں عسکری قیادت اور بے مثال حکمت عملی کے اعتراف میں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر (نشان امتیاز ملٹری) کو فیلڈ مارشل کے اعلیٰ ترین فوجی عہدے پر ترقی دینے کی منظوری دے دی۔
وفاقی کابینہ کے اعلامیہ کے مطابق، پاکستان حال ہی میں ایک انتہائی نازک مرحلے سے گزرا جب 6 اور 7 مئی 2025 کی شب بھارت نے پاکستان پر بلا اشتعال حملہ کیا۔ بھارتی حملے میں معصوم شہریوں، خواتین اور بچوں کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ دشمن نے پاکستان کی خود مختاری اور سرحدی سالمیت پر حملہ کر کے جنگ مسلط کی۔
اس خطرناک صورتحال میں جنرل عاصم منیر نے مثالی جرأت، پیشہ ورانہ مہارت اور جنگی حکمت عملی کے ذریعے پاک افواج کی قیادت کی اور دشمن کے حملے کو بھرپور جواب دے کر تاریخی کامیابی حاصل کی۔ ان کی شاندار عسکری حکمت عملی، دلیرانہ فیصلے اور قومی دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کے اعتراف میں وزیراعظم نے انہیں فیلڈ مارشل کے عہدے پر ترقی دینے کی تجویز پیش کی، جسے کابینہ نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے صدرِ مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کرکے انہیں کابینہ کے فیصلے سے آگاہ کیا اور اعتماد میں لیا۔
Comments are closed.